میزائل تجر بات پابندیوں کا نتیجہ ہیں، ایرانی جنرل

جمعرات 10 مارچ 2016 10:05

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 10مارچ۔2016ء)ایران کے پاسدارانِ انقلاب دستوں نے بدھ کے روز بھی بیلسٹک میزائلوں کے آزمائشی تجربات کیے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کے بریگیڈیئر جنرل امیر علی حاجی زادہ کے مطابق اس طرح اسرائیل کو محفوظ فاصلے سے باآسانی نشانہ بنایا جا سکے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب دستوں ’آئی آر جی سی‘ نے بتایا کہ بدھ کی صبح دو بیلسٹک میزائل کامیابی سے داغے گئے اور انہیں بنانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ اسرائیل کو نشانہ بنایا جا سکے۔

اس بیان میں بتایا گیا ہے،’ بدھ کی صبح ’آئی آر جی سی‘ نے شمالی ایران سے قدر نامی دو میزائل داغے، جنہوں نے ملک کے جنوبی حصے میں تقریباً چودہ سو کلومیٹر دور اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

“ ایران کی سرحد سے تل ابیب اور یروشلم کا فاصلہ تقریباً ایک ہزار کلومیٹر ہے۔یہ میزائل تجربے ایک ایسے موقع پر کیے گئے ہیں، جب امریکی نائب صدر جو بائیڈن اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں۔

جو بائیڈن نے پروشلم پہنچنے پر کہا، ”اگر ایران جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ہم اس کا جواب دیں گے۔“ ابھی گزشتہ ہفتے ہی دونوں اتحادی ممالک اسرائیل اور امریکا نے مشترکہ فوجی مشقیں بھی کی تھیں۔ اسرائیل پہلے ہی عالمی طاقتوں اور ایران کے مابین ہونے والے جوہری معاہدے پر تنقید کر چکا ہے۔