ورلڈ ٹی 20، پی سی بی نے پاک، بھارت میچ دھرم شالہ سے منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا، آئی سی سی نے پی سی بی کا مطالبہ مان لیا تو یہ میچ ممکنہ طور پر کلکتہ یا پھر بنگلور میں منتقل کیا جا سکتا ہے

بدھ 9 مارچ 2016 10:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 9مارچ۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے ورلڈ ٹی 20 میں پاک، بھارت میچ منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دھرم شالہ میں احتجاج اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ ورلڈٹی 20 میں پاک، بھارت کرکٹ میچ دھرم شالہ سے کلکتہ منتقل کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر آئی سی سی نے پی سی بی کا مطالبہ مان لیا تو یہ میچ ممکنہ طور پر کلکتہ یا پھر بنگلور میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں انتہاء پسند تنظیموں کی جانب سے پاک، بھارت میچ منسوخ کرانے کیلئے احتجاج جاری ہے اور بھارتی حکومت کی جانب سے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو سیکیورٹی دینے کا کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے ایک ٹیم بھی بھارت میں موجود ہے جو جلد ہی اپنی رپورٹ پاکستانی حکومت کو پیش کرے گی تاہم موجودہ حالات کے تناظر میں یہ میچ دھرم شالہ میں منعقد ہوتا نظر نہیں آ رہا اور یہی وجہ ہے کہ بالآخر پی سی بی نے بھی آئی سی سی سے مطالبہ کر دیا ہے۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ نے بھی ابتدائی طور پر میچ کیلئے سیکیورٹی دینے سے انکار کر دیا تھا تاہم اس کے بعد انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ سیکیورٹی دینے کو تیار ہیں اور اگر مرکز بھی اس میچ کیلئے سیکیورٹی دینا چاہتا ہے تو کوئی اعتراض نہیں البتہ اگر سابق فوجیوں نے اس میچ اورپاکستانی ٹیم کے خلاف احتجاج کیا تو ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

ہندو انتہاء پسند تنظیم شیو سینا بھی یہ میچ رکوانے کیلئے بھارت میں احتجاج جاری رکھے ہوئے ہے اور میچ منسوخ نہ ہونے کی صورت میں پچ کھودنے کی دھمکی بھی دی جا چکی ہے۔