افغانستان کے ساتھ طویل سرحد پر سیکورٹی فورسز تعینات کرنا پائیدار انتظامات کے بغیر نا ممکن ہے،پرویز خٹک،زیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی صوبے میں امن و امان کیلئے رینجرز طلب کرنے کے مطالبے کی وضاحت

بدھ 9 مارچ 2016 09:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 9مارچ۔2016ء)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں امن و امان کیلئے رینجرز طلب کرنے کے مطالبے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا چونکہ ایک سرحدی اور حساس صوبہ ہے جس کی صرف جنگ زدہ افغانستان کے ساتھ کئی سو میٹر طویل سرحد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنی طویل سرحد پر سیکورٹی فورسز تعینات کرنا پائیدار انتظامات کے بغیر نا ممکن ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزیراعلیٰ نے بتایا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کی بیشتر تعداد بھی خیبر پختونخوا سے دوسرے صوبوں کو منتقل کی گئی ہے اور صوبائی حکومت کے بار بار اور پر زور مطالبات کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے واپس نہیں کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتساب کیلئے رینجرز کی کاروائی پر دوسرے صوبے شور مچا رہے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کو اس سلسلے میں بھی کوئی اعتراز نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ واحد حکومت ہے جس نے خود کو احتساب کیلئے نہ صرف پیش کیا ہے بلکہ ایک آزادانہ احتساب کمیشن بھی تشکیل دیا ہے جس کو مزید موثر اور مضبوط بنایا جا رہا ہے۔