قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت جانے یا نہ جانے کا فیصلہ حکومت کرے گی،شہریار خان ، بھارت کوسیکیورٹی کی یقین دہانی کرانی پڑے گی

منگل 8 مارچ 2016 09:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8مارچ۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بھارت جانے یا نہ جانے کا فیصلہ حکومت کرے گی تاہم ورلڈ ٹی20 میں شرکت کے لیے بھارت کوسیکیورٹی کی یقین دہانی کرانی پڑے گی۔ قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریارخان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے ہماری ٹیم بھارت گئی ہے جہاں وہ سیکیورٹی انتظامات کاجائزہ لے کر رپورٹ دے گی اور اس رپورٹ کی بنا پر قومی ٹیم کے بھارت جانے یا نہ جانیکا فیصلہ حکومت کرے گی لیکن ہم چاہتے ہیں کہ قومی ٹیم ورلڈ ٹی 20 میں شرکت کے لیے بھارت جائے جس کے لیے بھارت کوسیکیورٹی کی یقین دہانی کرانی پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے بھی ہمیں سیکیورٹی سے متعلق ای میل بھجوائی ہے جب کہ پاکستانی ہائی کمشنربھی راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

شہریارخان نے کہا کہ ورلڈ ٹی 20 کے لیے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جس میں افتخار احمد اور خرم منظور کو سے ڈراپ کرکے خالد لطیف اور احمد شہزاد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلمان بٹ کو ہم نے نہیں نکالا، انہیں آیندہ کے لیے دیکھیں گے کیونکہ انہوں نے 5 سال تک کرکٹ نہیں کھیلی اور وہ پی ایس ایل میں بھی نہیں تھے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کے بیان کاجائزہ لے رہے ہیں مگرابھی کوئی ایکشن نہیں لیا۔

متعلقہ عنوان :