پی ٹی آئی کے بعض ایم پی ایز اور وزراء سوات میں الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط اور آئین کے کھلم کھلا خلاف ورزی کررہے ہیں، شرافت علی، انٹراپارٹی الیکشن میں وقت سے پہلے اثر انداز ہورہے ہیں، کارکنوں میں مایوسی پھیل رہی ہے، پی ٹی آئی رہنماء

منگل 8 مارچ 2016 09:41

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8مارچ۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے سابق تحصیل بریکوٹ صدر انجینئر شرافت علی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے بعض ایم پی ایز اور وزراء سوات میں الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط اور آئین کے کھلم کھلا خلاف ورزی کررہے ہیں اور انٹراپارٹی الیکشن میں وقت سے پہلے اثر انداز ہورہے ہیں جس کی وجہ سے کارکنوں میں مایوسی پھیل رہی ہے ۔

پارٹی میں یہ لوگ ایم پی ایز ہیں وزارء ہیں اور اب پارٹی قائدین بھی بننے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں جو کہ پارٹی میں موروثی سیاست کا موجب بن رہی ہے ۔بریکوٹ ورکرز کنونشن میں سوات کے کسی بھی ایم پی اے یا ایم این اے نے شرکت نہیں کی ماسوائے فاروردک بلاک والوں کے علاوہ ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بریکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ضلع سوات میں ایم پی ایز اور وزارء الیکشن کمیشن کے قوانین کی دھچیاں اڑا رہے ہیں ۔انٹرا پارٹی الیکشن میں اپنے کامیابی کے لئے وہ ہر حد تک جاتے ہیں کسی بھی صور ت میں الیکشن کمیشن کے قواعد وضوابط کے پاسداری کو تیار نہیں ۔انہوں نے کہاکہ سوات کے تمام ممبران اسمبلی سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ پارٹی کے نظریاتی کارکن کا خیال رکھیں گے نہ کہ فارورڈ بلا ک والوں کا ۔

ہم الیکشن کمیشن کے قواعد وضوابط کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مرکزی اور صوبائی الیکشن کمیشن کو اگاہ کریں گے تاکہ وہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی پاسداری پر مجبور کریں ۔انہوں نے یوتھ ،آئی ایس ایف اور تبدیلی رضاکاروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 31مارچ تک خوب ممبرسازی کریں تاکہ انٹرا پارٹی الیکشن میں موروثی سیاست کا خاتمہ ہو ۔