بنگلہ دیشی رکن پارلیمنٹ اور شائقین نے عدم برداشت کی نئی مثال قائم کردی ،مشہور پاکستانی شائق بشیر احمد کی پاکستانی جھنڈے کی حامل شرٹ اتار کر بنگلہ دیشی جھنڈے والی قمیض پہنا دی، پاکستانی ٹیم کی حمایت کیلئے بنگلہ دیش جانے والے محمد بشیر کو مبینہ طور پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں ہراساں بھی کرتے رہے

ہفتہ 5 مارچ 2016 08:09

ڈھاکا (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5مارچ۔2016ء) بنگلہ دیشی رکن پارلیمنٹ اور شائقین نے عدم برداشت کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے مشہور پاکستانی شائق بشیر احمد کی پاکستانی جھنڈے کی حامل شرٹ اتار کر بنگلہ دیشی جھنڈے والی قمیض پہنا دی۔ایشیا کپ میں شریک پاکستانی ٹیم کی حمایت کیلئے بنگلہ دیش جانے والے محمد بشیر کو مبینہ طور پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں ہراساں کیا گیا۔

بی بی سی بنگالی کے مطابق اس موقع پر بنگلہ دیش کی حکمران جماعت عوامی لیگ کے رکن اسمبلی الیاس الدین ملا بھی موجود تھے۔بظاہر عوام کے ساتھ مل کر بشیر کو پاکستانی قمیض اتار کر بنگلہ دیشی جھنڈے کی حامل قمیض پہننے پر مجبور کیا۔یاد رہے کہ اس میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

(جاری ہے)

فیس بک اور سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹ پر سامنے آنے والی تصویروں میں اس صورتحال کی تصدیق ہوئی جس میں الیاس الدین کے سامنے بشیر کو بنگلہ دیشی جھنڈا پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ ان کے گرد بنگلہ دیش شائقین نے گھیرا ڈالا ہوا تھا۔

رپورٹس کے مطابق رکن اسمبلی نے شائقین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ زبردستی بشیر کے جسم پر بنگلہ دیشی پرچم لپیٹ دیں۔اس موقع بنگلہ دیشی حکام اور مشتعل شائقین کے سامنے پاکستانی کرکٹ شائق بشیر احمد بالکل بے بس نظر آئے۔