عالمی بینک اورپنجاب حکومت کا سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے معیاری روزگار کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام وضع کرنے پر اتفاق،عا لمی بینک کنسورشیم کے تعاون سے فریم ورک وضع کرے گا،وزیراعلیٰ کی فریم ورک کا مسودہ جلد سے جلد تیارکر کے پیش کرنے کی ہدایت

ہفتہ 5 مارچ 2016 08:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت آج یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں عالمی بینک کی جانب سے سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کیلئے معیاری روزگار کی فراہمی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔عالمی بینک اورپنجاب حکومت نے اس موقع پر سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے معیاری روزگار کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام وضع کرنے پر اتفاق کیااوراس ضمن میں عا لمی بینک کنسورشیم کے تعاون سے فریم ورک وضع کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فریم ورک کا مسودہ جلد سے جلد تیارکر کے پیش کیا جائے تاکہ اس پر تیزی سے عملدر آمد کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا تابناک مستقبل ہے اورپاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے معیاری روزگار فراہم کرنا ہے اوراسی مقصد کے حصول کیلئے پنجاب حکومت نے ترقیاتی حکمت عملی2018ء تشکیل دی ہے جس کے تحت صوبے کے 20لاکھ نوجوانوں کو سکل ڈویلپمنٹ کی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا ہے تاکہ انہیں معیاری روزگار مہیا ہوسکے اورعالمی بینک اورپنجاب حکومت کا سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے معیاری روزگار کی فراہمی کیلئے جامع پروگرام وضع کرنے پر اتفاق اس سلسلے کی کڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں بے پناہ گنجائش موجود ہے اور سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے نوجوان نہ صرف اپنے پاوٴں پر کھڑے ہوں گے بلکہ معیشت کی مضبوطی میں بھی اہم کردارادا کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی بینک کاپنجاب کے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے تعاون لائق تحسین ہے ۔پنجاب کے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے ورلڈ بینک کے تعاون سے پروگرامز کامیابی سے چل رہے ہیں - پنجاب حکومت نے تعلیم ، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہترین کیلئے بنیادی اصلاحات کی ہیں -انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں تاہم سکل ڈویلپمنٹ کے شعبہ کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر اس شعبہ میں ورلڈ بینک کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے اورسکل ڈویلپمنٹ کے اہداف کے حصول کیلئے انفرادیت اورجدت کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا اوراس پروگرام میں خواتین کی شمولیت بہت اہم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قابل عمل کامیاب ماڈل وضع کرکے اس پر فوری عملدر آمد کرنا ہوگا۔اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹرعالمی بینک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کیساتھ دیگر سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیساتھ سکل ڈویلپمنٹ میں بھی اشتراک کار بڑھائیں گے اور سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے فریم ورک کے مسودے کو جلد تیار کر کے پیش کیا جائے گا -اجلاس کے دوران نوجوانوں کومعیاری روزگار کی فراہمی کے حوالے سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔

پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو (Mr.Patchamuthu lllangovan) اور بینک کے دیگر اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور،رانا مشہود احمد،عائشہ غوث پاشا،مشیران خواجہ سلمان رفیق،ڈاکٹر اعجاز نبی،چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،متعلقہ سیکرٹریز اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :