بی ایس ایف کی پاکستانی شہری کو در انداز قرار دیکر فائرنگ‘ شہری موقع پر جاں بحق ، فورسز کا جموں کے سرحدی علاقے میں سرنگ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ

ہفتہ 5 مارچ 2016 09:28

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5مارچ۔2016ء) بھارتی سرحدی فورسز نے ایک پاکستان کو درانداز قرار دیکر فائرنگ کر کے ہلاک‘ جبکہ سرحدی علاقے میں پاکستان کی جانب سے تعمیر کی گئی طویل سرنگ کا سراغ لگانے کا دعویٰ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ عسکریت پسندوں کو کشمیر میں داخل کرنے کی غرض سے کھودی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایس ایف کے عہدیدار نے بتایا کہ فیروز پور سیکٹر میں ایک مسلح پاکستانی شہری سرحد عبور کر کے بھارتی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے اسے رکنے اور ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا جو کہ اس نے نہ مانا اور آگے بڑھتا رہا۔

جس پر فوجیوں نے فائرنگ کی اور وہ موقع پر ہلاک ہو گیا۔ دریں اثناء بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل جموں فرنٹیئر راکیش شرما نے اپنے بیان میں کہا کہ جموں سیکٹر میں فوجیوں کے ریگولر کلیئرنگ آپریشنز کے دوران ایک 30 میٹر طویل سرنگ برآمد ہوئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان نے اس سرنگ کے ذریعے مسلح عسکریت پسندوں کو بھارتی حدود میں داخل کرنے کی غرض سے یہ سرنگ بنا رکھی ہے۔