اچھی کارکردگی کیلئے ہر طرح کی کوشش کی ،پاکستان کے ٹاپ کھلاڑیوں کو مواقع دیئے لیکن قسمت نے ہمار ا ساتھ نہ دیا، شاہد آفریدی

جمعہ 4 مارچ 2016 08:41

میر پور ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 4مارچ۔2016ء )قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ٹیم کی اچھی کارکردگی کے لئے ہر طرح کی کوشش کی ،پاکستان کے ٹاپ کھلاڑیوں کو مواقع دیئے لیکن خوش قسمتی نے ہمار ا ساتھ نہ دیا ۔بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر شجاع عالم کی طرف سے مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں پریس کونسلر عنبرین جان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹیم کو بنانے کے لئے جتنے تجربات کرسکتے تھے وہ کیئے ۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس دکھانے والے کھلاڑیوں کو مواقع دیئے لیکن اب صرف قسمت کی دیوی کے مہربان ہونے کا انتظار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مشکل وقت چلتا رہتا ہے اس سے اپنے آپ کو مضبوط کرنے اور سیکھنے کا موقع ملتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نہ تو میر ی اور نہ ہی میرے کھلاڑیوں کی عادت ہے کہ ہم بیک فٹ پر جائیں بلکہ بہادری سے مشکل وقت کا سامنا کررہے ہیں ۔

سری لنکا کے خلاف آج کا میچ اہم ہے اور پوری کوشش کریں گے کہ اسے جیت کر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے بھارت میں نئی امنگ اور عزم کے ساتھ جائیں ۔شاہد آفریدی نے کہاکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ہمارا گروپ کافی مشکل ہے لیکن وہاں کھیل کر ہی پتہ چلے گا کہ پاکستان ٹیم کہاں کھڑی ہے ۔ہم کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیتے ۔شاہدآفریدی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے بہتر بولنگ ،بیٹنگ اور فیلڈنگ کرکے پاکستان کی ٹیم کو ہرایا ۔وہ فائنل میں پہنچنے کی حقدار ہے اور ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں ۔شاہد آفریدی نے پاکستان ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دینے پر پاکستان کے ہائی کمشنر شجاع عالم ،پریس کونسلر عنبرین جان اور دیگر آفیشلز کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :