مصطفی کمال نے نئی پارٹی کے قیام کا اعلان کردیا،27 دسمبر 1971 کو کراچی میں پیدا ہونے والے سید مصطفیٰ کمال نے برطانوی یونیورسٹی سے مارکیٹنگ میں ایم بی اے کیا،2003 میں سندھ کے وزیر برائے آئی ٹی بننے سے پہلے ایم کیو ایم کے ہیڈکوارٹر نائن زیرو پر فرائض انجام دیتے رہے

جمعہ 4 مارچ 2016 09:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 4مارچ۔2016ء)سابق سٹی ناظم کراچی سید مصطفی کمال نے نئی پارٹی کے قیام کا اعلان کردیا،27 دسمبر 1971 کو کراچی میں پیدا ہونے والے سید مصطفیٰ کمال نے برطانوی یونیورسٹی سے مارکیٹنگ میں ایم بی اے کیا۔2003 میں سندھ کے وزیر برائے آئی ٹی بننے سے پہلے ایم کیو ایم کے ہیڈکوارٹر نائن زیرو پر فرائض انجام دیتے رہے۔ 2005 تک صوبائی وزیر رہے اور پھر ان کا انتخاب کراچی کے ناظم کے طور پر کیا گیا۔

انہوں نے کراچی کی ترقی کے لیے انتھک محنت کی۔

(جاری ہے)

کراچی کو میگا سٹی بنانے اور ریلیف آپریشنز کے لیے سپریم کورٹ نے بھی مصطفیٰ کمال کی کوششوں کو سراہا۔ 2010 میں دنیا کے بہترین میئرز کی فہرست کے لیے بھی مصطفیٰ کمال کا نام شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ناظم کے عہدے سے ہٹنے کے بعد وہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی میں بطور رکن فرائض انجام دیتے رہے۔ 12 مارچ 2012 کو وہ سینیٹ کے رکن بنے۔اگست 2013 میں مصطفیٰ کمال اچانک سیاسی منظرنامے سے ہٹ گئے، اپریل 2014 میں انہوں نے سینٹ کی نشست سے بھی استعفیٰ دے دیاجس کے بعد سے انہوں نے سیاست سے علیحدگی اختیار کرلی تھی