وزیر اعظم سے پاک فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات،پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مسلح افواج کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے پرعزم ہیں، نواز شریف

جمعہ 4 مارچ 2016 09:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 4مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہدہشتگردی کے خاتمے اور خطرات سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں پاک فضائیہ کا کردار قابل تعریف ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق جمعرات کے روز ایئر چیف مارشل سہیل امان نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی ہے ، جس میں ،پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ایئر چیف مارشل نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ تیاریوں سے متعلق وزیراعظم نواز شریف کو آگاہ کیا ، اس موقع پر وزیراعظم نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کی تعریف کی اور حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہتے ہو ئے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف آپریشن ضرب عضب میں فضائیہ نے اہم کردار ادا کیا دہشتگردی کے خاتمے اور خطرات سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کی صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے پرعزم ہیں ، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے ا نہوں نے کہا کہ فضائی آپریشن دہشت گردوں کیخلاف موثر ثابت ہوئے ہیں آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کو چھپنے پر مجبور کر دیا ، دہشت گردوں کو مکمل ختم کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔