لاہور ، پی پی ایک سو سنتالیس سے پی ٹی آئی رکن اسمبلی شعیب صدیقی کی کامیابی اور انتخابی نتائج سپریم کورٹ میں چیلنج

جمعرات 3 مارچ 2016 09:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 3مارچ۔2016ء)سپریم کورٹ رجسٹری میں مسلم لیگ نواز کے پی پی ایک سوسنتالیس سے ناکام امیدوار محسن لطیف نے سردار کلیم الیاس ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں موٴقف اختیار کیا کہ الیکشن ٹربیونل نے دھاندلی کے ثبوتوں کا جائزہ لئے بغیر ہی پی ٹی آئی کے شعیب صدیقی کیخلاف انتخابی عذرداری مسترد کر دی ہے، الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ مخصوص طاقتوں نے این اے ایک سو بائیس میں ن لیگ کے امیدوار ایاز صادق کو کامیاب کروایا اور پی پی ایک سو سنتالیس کے انتخابات میں دھاندلی کر کے پی ٹی آئی کے امیدوار کو جتوایا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم کر کے پی پی ایک سو سنتالیس سے شعیب صدیقی کو نااہل قرار دیا جائے اوراس حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔