سعودی عرب کی افغانستان اور افریقی ملکوں میں دہشت گردی کی مذمت، دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی جنگ کی حمایت کا عزم،تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، سعودی کا بینہ

بدھ 2 مارچ 2016 08:59

ریا ض (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 2مارچ۔2016ء)سعودی عرب نے افغانستان اور افریقی ملکوں صومالیہ اور کیمرون میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی جنگ کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ریاض میں قصر یمامہ شاہی محل میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں مسلمان ممالک اور دوسری ملکوں میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی گئی۔

اجلاس میں صومالیہ، کیمرون اور افغانستان میں دہشت گردی کے تازہ واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے مہلوکین کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔اجلاس میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی پربھی بحث کی گئی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ھیوسٹن میں کیمرج انرجی ریسرچ سینٹر میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ہونے والی مشاورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ سعودی عرب تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے ہرممکن کوشش جاری رکھے گا۔کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ریاض تیل پیدا کرنے والے تمام ممالک کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتارو چڑھاوٴ پر گہری نظر رکھی گئی ہے۔بعد ازاں تیونس کے سعودی عرب میں متعین سفیر لطفی بن قاید نے ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :