ڈیرہ غازی خان ، امام مسجد نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر مسجد کے پنکھے سے لٹ کر خود کشی کر لی ، ورثاء کا قانونی کاروائی سے انکار

منگل 1 مارچ 2016 01:22

ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1مارچ۔2016ء) امام مسجد نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر مسجد کے پنکھے سے لٹ کر خود کشی کر لی ، ورثاء کا قانونی کاروائی سے انکار ، پولیس نے نعش ورثاء کے حوالے کر دی ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے گنجان آباد علاقہ شمس آباد میں قائم جامع مسجد کے امام سمیع اللہ مستوئی ولد مرید حسین سکنہ بلاک 50نے مسجد کے ملحقہ کمرے میں پنکھے سے لٹک کر گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی ، وقوعہ کا علم ہونے پرڈی ایس پی سٹی حافظ خضر زمان پولیس تھانہ صدر کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور نعش کو قبضہ میں لے لیا امام مسجد سمیع اللہ کے والد مرید حسین نے قانونی کاروائی سے انکار کر دیا جس پر پولیس نے نعش ورثاء کے حوالے کردی عینی شاہدین کے مطابق امام مسجد صبح کے وقت نماز پڑھائی نماز ظہر کے وقت جب مسجد آئے تو امام مسجد کی نعش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی ورثاء کے مطابق سمیع اللہ کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا اور وہ چند عرصہ قبل بھی گھر سے بھاگ گیا تھا ،سمیع اللہ کی نعش جب گھر میں پہنچی تو کہرام مچ گیا ہر آنکھ اشک بار تھی جواں سال سمیع اللہ کی موت سے اہل محلہ کی فضا سوگ وار رہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی حافظ خضر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آیا امام مسجد نے خود کشی کی ہے یا اسے کسی نے قتل کیا ہے؟؟ تاہم تحقیقات کے بعد ہی تمام حقائق سامنے آ سکیں گے ۔