لبنان ،فرقہ واریت کے الزام میں پاپ اسٹار گلوکار کو پانچ سال قید کی سزا

منگل 1 مارچ 2016 02:04

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1مارچ۔2016ء) لبنان کی عدالت نے سابق پاپ اسٹار فضل شاکر کو فرقہ واریت پھیلانے کے جْرم میں ان کی عدم موجودگی میں پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔خلیجی اخبار’العربیہ‘ کے مطابق مفرور فضل شاکر نے 2011ء میں لبنان کے عالم شیخ احمد العسیر کی بیعت کا اعلان کیا تھا اور گانا بجانا بالکل ترک کردیا تھا۔

(جاری ہے)

لبنان کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق مفرور جنگجو فضل شاکر پر ایک انٹرویو کے دوران لبنان کے ایک دوست عرب ملک کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانے کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

2013ء میں شاکر نے دو لبنانی فوجیوں کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔اسی سال شیخ احمد العسیر کے حامیوں کی لبنانی فوج کے ساتھ جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں اٹھارہ فوجی ہلاک اور چالیس زخمی ہوگئے تھے۔عدالت نے سابق پاپ اسٹار کو 310 ڈالرز جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے اور انھیں شہری حقوق سے محروم کردیا ہے۔ وہ مبینہ طور پر فلسطینی مہاجرین کے کیمپ عین الحلوہ میں کہیں روپوش ہیں۔