افغانستان: بامیان میں ایرانی ساخت کی بارودی سرنگوں کا انکشاف، سرنگیں ملک کے وسط میں بامیان کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کے چھاپے کے دوران برآمد ہوئیں،رپورٹ

منگل 1 مارچ 2016 01:29

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1مارچ۔2016ء)افغانستان میں حکام نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ انہیں طالبان کے ہتھیاروں کے ایک گودام سے ایرانی ساخت کی بارودی سرنگیں ملی ہیں۔ یہ بارودی سرنگیں ملک کے وسط میں بامیان کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کے چھاپے کے دوران برآمد ہوئیں۔برطانوی میڈیاکے مطابق بامیان کے گورنر محمد طاہر ظہیر نے بتایا کہ " اگرچہ ان باردوں سرنگوں پر سے کارخانے اور ملک کا نام مٹا دیا گیا ہے، تاہم عسکری اور سیکورٹی ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ یہ ایرانی ساخت کی ہیں"۔

دوسری جانب بامیان کے گورنر کے ترجمان عبدالرحمن احمدی نے بتایا کہ ملنے والی بارودی سرنگوں کی تعداد 32 ہے تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ سرنگیں کب اور کس طرح ملک میں لائی گئیں۔

(جاری ہے)

احمدی کے مطابق یہ سرنگیں اور اس کے علاوہ بڑی تعداد اور مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بامیان کے شمال مغربی علاقے "درہ شکاری" سے ملے ہیں۔یاد رہے کہ افغانستان میں امریکی اور بین الاقوامی افواج کے کمانڈر جنرل جان کیمبل نے اکتوبر میں ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران مالی اور عسکری طور پر طالبان تحریک کو سپورٹ کررہا ہے۔

امریکی اخبار "وال اسٹریٹ جنرل" نے گزشتہ جون میں انکشاف کیا تھا کہ ایران طالبان تحریک کی مالی اور فوجی مدد کررہا ہے اور تحریک کے جنگجووٴں کو تربیت اور اسلحہ فراہم کررہا ہے۔اخبار کی رپورٹ کے مطابق افغان اور مغربی ذمہ داران نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ "ایران نے خاموشی کے ساتھ طالبان کو امداد اور اسلحہ فراہم کیا جو افغانستان میں سیکورٹی کی نازک صورت حال کے لیے ایک نیا خطرہ ہے"۔