سام سنگ نے ایپل کے خلاف طویل قانونی جنگ جیت لی، اپیل کورٹ نے زیریں عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا

منگل 1 مارچ 2016 01:29

سان فرانسسکو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 1مارچ۔2016ء) جنوبی کورین کمپنی سام سنگ نے ایپل کے خلاف طویل قانونی جنگ جیت لی،امریکا کی اپیل کورٹ نے سام سنگ کے خلاف ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے،امریکی ہائی کورٹ نے سام سنگ کو سمارٹ فون کے تین پیٹنٹ قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے کر اسے ایپل کو 119.6ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف سام سنگ امریکا کی اپیل کورٹ میں چلا گیا تھا۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز کورٹ آف دی اپیلز فار دی فیڈرل سرکٹ نے اپیل پر فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ایپل کا دعوی درست نہ تھا۔ایپل نے 2012 میں سام سنگ کے خلاف دو پیٹنٹ قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا دعوی کرتے ہوئے اس کے خلاف ہر جانے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔جس کے جواب میں سام سنگ نے اس کے خلاف پیٹنٹ خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔اپیل کورٹ کے پینل نے کہا کہ سام سنگ نے ایپل کے ایک پیٹنٹ کی نقل نہیں کی اور باقی دو”سلائیڈ ٹو کوریکٹ“ اور”سلائیڈ ٹو ان لاک“فیچرز کی نقل کا دعوی درست ہی نہیں تھا۔اپیل عدالت نے ایپل کو کہا ہے کہ وہ سام سنگ کے ایک پیٹنٹ کی نقل کرنے پرسام سنگ کو 158,500 ڈالر ادا کرے۔