مشترکہ مفادات کونسل کا اجلا س آ ج ہو گا ،اجلاس میں مردم شماری،، اقتصادی راہداری، انسداد دہشت گردی، نیشنل ایکشن پلان ، انرجی بحران، نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ، بجلی گیس لوڈ شیڈنگ اور دیگر معاملات پر غور کیا جا ئے گا

پیر 29 فروری 2016 09:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 29فروری۔2016ء) مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ( پیر) کو اسلام آباد میں ہو گا وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ، وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک ، وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری ، وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ اور تین نامزد وفاقی وزراء شریک ہوں گے ساڑھے گیارہ ماہ بعد ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں مرکزی و صوبائی قیادت اکٹھی ہوں گی اور اہم قومی معاملات پر مشاورت کی جائے گی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کے اس اجلاس میں قومی مردم شماری و خانہ شماری میں ممکنہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے صوبے اپنی اپنی تجاویز سے مرکز کو آگاہ کریں گے سندھ اس بارے میں دو مرحلوں میں مردم شماری کروانے اور نگرانی کا اختیار صوبوں کے سپرد کرنے کی تجاویز پیش کرے گا اس ضمن میں ملک کی تمام جماعتوں نے وزیر اعلی سندھ کو اس بارے میں مکمل اختیارات دیا ہے جبکہ تیل ، گیس اور بجلی سے متعلق زیر التواء معاملات پر بھی غور کیا جائے گا پانی کی تقسیم جنریشن پاور پالیسی 2014 سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت ہو گی رپورٹ کے مطابق اجلاس سے قبل وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی سندھ کے درمیان ملاقات بھی ہو گی تاکہ اجلاس کے معاملات کو خوش اسلوبی سے نمٹایا جا سکے ، واضع رہے کہ مردم شماری کے معاملہ پر سندھ اور وفاق میں اختلافات سامنے آ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی سندھ نے معاملے پرمشترکہ موقف اپنانے کے لیے تمام جماعتوں کی مشاورت سے حکمت عملی کی تیاری کی کوشش شروع کر دی ہے۔مردم شماری کے لیے وفاق متبادل نظام تیار کرنے میں میں مصروف ہے۔حکومت کو مردم شماری مرحلہ وار کروانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب میں مصروفیت کے باعث ادارہ شماریات فوجی اہلکاروں کی مطلوبہ تعداد کے بغیر مطلوبہ پلان تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ادارے نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔جس کے بعد مردم شماری میں حائل مشکلات مشترکہ مفادات کونسل کے سامنے رکھنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس کا ایجنڈا تیار کر لیا گیا ہے۔اجلاس میں مردم شماری،، پاک چین اقتصادی، انسداد دہشت گردی، نیشنل ایکشن پلان،میثاق معیشت، انرجی بحران، نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ، بجلی گیس لوڈ شیڈنگ اور دیگرشامل ہیں۔