نورکوٹ ،میاں بیوی کی لڑائی نے 9ماہ کی بیٹی کی جان لے لی، سنگدل باپ نے سسرال میں زبردستی گھس کر بیوی سے بیٹی کو چھینا موت کے گھاٹ اتاردیا

اتوار 28 فروری 2016 10:11

نورکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28فروری۔2016ء)میاں بیوی کی آپس کی لڑائی ناراضگی جھگڑے نے 9ماہ کی حوا کی بیٹی کی جان لے لی سنگدل باپ نے اپنے ساتھی کے ہمراہ سسرال میں زبردستی گھس کر اپنی روٹھی ہوئی بیوی سے بیٹی کو چھینا اور اسے موت کے گھاٹ اتار کر بحد رقبہ پنڈی عمرا پھینک دیا اور فرار ہو گئے پولیس بھی ظالموں سے مل گئی اور الٹا میری بیٹی کیخلاف ہی مقدمہ درج کر لیا اورتھانہ میں اسے بیہمانہ تشدد کا نشانہ بھی بناتے رہے چیف جسٹس لاہو ر ہائیکورٹ لاہور اور وزیراعلے پنجاب میاں شہباز شریف ،آئی جی پنجاب ہمیں انصاف دلائیں قاتلوں کو سزا دی جائے ،ان خیالات کا اظہار شکرگڑھ کے نواحی گاؤں باچھلی کے رہائشی نذیر احمد ولد تاجدین نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ موضع جیو چک کے طالب حسین کی شادی میری بیٹی مسمات عالیہ سے ہوئی تھی جس کے بطن سے ایک 9ماہ کی بیٹی زوہا بھی تھی دونوں میاں بیوی کا آپس میں جھگڑا ہو نے سے عالیہ خاوند سے ناراض ہو کراپنی بیٹی کیساتھ اپنے میکے آگئی تھی جس کا اسکے خاوند کو رنج تھا طالب حسین اپنے ایک ساتھی صدام حسین آف باچھلی کے ساتھ اسکے گھر داخل ہو ئے اور اسکی بیٹی عالیہ کی گود سے اسکی 9ماہ کی بیٹی زوہا کو اس سے زبردستی چھین کر لے گئے اور بعدازاں اسے مارڈالا اور اسکی نعش بحد رقبہ پنڈی عمرا پھینک دی اور وہاں سے بھاگ گئے پولیس چوکی اڈا ڈوگر کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبدالغفور اور دیگر ملازمین نے میری بیٹی کو جھانسہ دیا کہ آو تھانے چل کر مقدمہ درج کرتے ہیں اور الٹا تھانے لیجاکر میری بیٹی کیخلاف ہی مقدمہ درج کر دیا اور اسے تھانہ میں تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا ،متاثرہ خاندان نے کہا کہ ہم دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں میری ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ اس کیس کی ازسرنو تفتیش انکوائری کروا کر اصل ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں