پاکستان دس ہزار پی ایچ ڈی افراد تیار کرنے کے لئے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے، احسن اقبال،حکومت اپنے وسائل سے پی ایچ ڈی افراد کی تیاری کے لئے فنڈز خرچ کر رہی ہے،واشنگٹن ڈی سی میں سنٹر فار اسٹرٹیجک اور انٹرنیشنل اسٹڈیز میں ایک مذاکرے سے خطاب

اتوار 28 فروری 2016 10:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28فروری۔2016ء)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان دس ہزار پی ایچ ڈی افراد تیار کرنے کے لئے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے۔حکومت پاکستان نے سائنس و ٹیکنالوجی، انجےئنرنگ وغیرہ کے شعبوں میں دس ہزار پی ایچ ڈی افراد کی تیاری کے لئے ایک روڈ میپ تیار کیا ہے جو ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے ضروری ہیں۔

احسن اقبال نے ان خیالات کا اظہار واشنگٹن ڈی سی میں سنٹر فار اسٹرٹیجک اور انٹرنیشنل اسٹڈیز میں ایک مذاکرے میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان امریکہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں درپیش چیلنجوں اور موجود مواقع پر بھی اظہار خیال کیا۔احسن اقبال نے وڑن2025 پر روشنی ڈالتے ہوے کہا کہ یہ پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی کا ایجنڈا ہے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا حکومت اپنے وسائل سے پی ایچ ڈی افراد کی تیاری کے لئے فنڈز خرچ کر رہی ہے حکومت امریکہ کے ساتھ اگلے دس سالوں میں دس ہزار پی ایچ ڈی افراد کی تیاری کے لئے مذاکرات کر رہی ہے تاکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں فیکلٹی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ احسن اقبال نے امید کا اظہار کیا کہ 29 فروری کو ہونے والے پاکستان امریکہ اسٹرٹیجک ڈائیلاگ میں اس اہم اقدام کو باقاعدہ طور پر فعال کرنے کا کام شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے پاکستان اور امریکہ کی تعلقات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا آج تک باہمی تعلقات اسٹرٹیجک اور سیکورٹی کے شعبوں تک محدود رہے ہیں ان باہمی تعلقات میں بہت کچھ تھا جو پاکستان حاصل کر کے اسے وسیع البنیاد شراکت داری میں بد ل سکتا تھا۔احسن اقبال نے امید کا اظہار کیا کہ آنے والا عشرہ پاکستان کی تیز تر اقتصادی ترقی کا عشرہ ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا گزشتہ ڈھائی برسوں میں پاکستان کا عالمی تشخص بہت بدل چکا ہے۔ حکومت نے انرجی بحران پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے اور اب ملک اس راستے پر گامز ہے کہ 2018 تک اس بحرا ن کا خاتمہ ممکن ہو پائے۔سلامتی کی صورت حال بھی گزشتہ ڈھائی برسوں میں بتدریج بہتر ہوئی ہے جس نے پاکستان کو ایک پرا من ملک میں ڈھال دیا ہے معاشی فرنٹ پر زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ 21 بلین ڈالر ہو چکے ہیں اور پچھلے آٹھ سالوں میں پہلی مرتبہ چار فیصد اقتصادی شرح نمو حاصل کی گئی۔ وفاقی وزیرنے امید کا اظہا ر کیا کہ اس مالی سال میں یہ شرح نمو پا نچ فیصد تک جانے کی توقع ہے جب کہ 2018تک یہ چھ فیصد تک پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 2025 تک پاکستان دنیا کی پچیس بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔