حکومت نیب قوانین میں ترمیم لا رہی ہے، زاہد حامد کا اعتراف ،نیب میں گزشتہ 20 سال سے کیسز زیر التواء پڑے ہوئے ہیں کیسز کی شفاف اور تیز رفتاری سے تحقیقات کے لئے نیب قوانین میں ترمیم بہت ضروری ہے۔ایوان میں اظہا ر خیال

ہفتہ 27 فروری 2016 10:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 27فروری۔2016ء) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نیب قوانین میں ترمیم لا رہی ہے‘ ماضی کی حکومتوں نے بھی اس میں ترمیم لانے کی کوشش کی تھی مگر اس میں کامیاب نہیں ہوسکی تھیں‘ گزشتہ 5 سالوں کے دوران ملک بھر کے سرکاری ملازمین کے 2593 کیسز نیب کو بھجوائے گئے ہیں جن میں 229 افراد کو سزا دی گئی ہے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی اجلاس کے موقع پر وقفہ سوالات کے دوران محمد شہباز بابر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا کہ حکومت نیب کے قوانین میں ترمیم لا رہی ہے نیب میں گزشتہ 20 سال سے کیسز زیر التواء پڑے ہوئے ہیں کیسز کی شفاف اور تیز رفتاری سے تحقیقات کے لئے نیب قوانین میں ترمیم بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملک بھر کے سرکاری ملازمین کے 2593 کیسز نیب کو بھجوائے گئے ہیں ان میں 229 افراد کو سزا دی گئی ہے۔

راولپنڈی میں 233 کیسز‘ کے پی کے میں 332 ‘ لاہور میں 366 ‘ ملتان میں 1‘ کوئٹہ میں 700‘ کراچی میں 545 اور سکھر میں 416 مقدمات نیب کے سپرد کئے گئے جس میں سے راولپنڈی میں 78‘ کے پی کے میں 375 ‘ لاہور میں 619‘ کوئٹہ میں 414‘ کراچی میں 490 اور سکھر میں 29 مقدمات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے جبکہ راولپنڈی میں 2‘ کے پی کے میں 91‘ لاہور میں 26 ‘ کوئٹہ میں 50 ‘ کراچی میں 41 اور سکھر میں 19 افراد کو سزا دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی گیس شاہد خاقان عباسی نے ایوان کو بتایا کہ اوگرا ہر سال گھریلو صارفین کو 3 لاکھ کنکشن لگا رہا ہے اس تعداد کو مزید بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15 فروری 2015ء تک موخر کئے گئے نئے صنعتی گیس کنکشنز کی فراہمی کے لئے درخواستوں کی تعداد 1018 ہے جبکہ تجارتی گیس کنکشنز کی فراہمی کے لئے موخر کی گئی درخواستوں کی تعداد 11363 ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم نے بیلم حسنین کے جواب میں تحریری طور پر آگاہ کیا کہ یکم جنوری 2012ء تک گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) کی مد میں 188 ارب روپے اکٹھے کئے گئے ہیں۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ برہان اور حویلیاں ایکسپریس وے کا 59 کلومیٹر کا منصوبہ نومبر 2016ء میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ برہان سے جاریکس 20.3 کلومیٹر پر مارچ 2015ء میں کام شروع ہوا تھا اس پر 36 فیصد‘ جاریکس سر شرائے صالح 19.2 کلومیٹر پر 30 فیصد اور سرائے صالح سے حویلیاں 20 کلومیٹر پر 3 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ڈپٹی اسپیکر نے وزیر مملکت پارلیمانی امور سے استفسار کیا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اس منصوبہ کو نومبر 2016ء میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی مگر اس وقت میں مکمل ہوتا نظر نہیں آ رہا اس پر وزیر مملکت نے کہا کہ اس منصوبہ کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :