عراق: مقتدیٰ الصدر کا داعش اور کرپشن کے خلاف اعلان جنگ،آئندہ جمعہ کو دارالحکومت بغداد کے وسط تحریر چوک میں دس لاکھ لوگوں کو جمع کرنے ، دہشت گردی اور بدعنوانی کیخلاف ملین مارچ کریں گے،مقتدیٰ الصدر کا بیان

بدھ 24 فروری 2016 10:04

بغداد ،دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24فروری۔2016ء)عراق کے سرکردہ شیعہ رہنما اور الصدر گروپ کے سربراہ مقتدیٰ الصدر نے ملک میں جاری کرپشن، قومی خزانے کی لوٹ مار اور شدت پسند گروپ دولت اسلامی”داعش“ کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے آئندہ جمعہ کو عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عرب خبررساں ادارے کے مطابق مقتدیٰ الصدر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ آئندہ جمعہ کو دارالحکومت بغداد کے وسط میں تحریر چوک میں دس لاکھ لوگوں کو جمع کرنے اور دہشت گردی اور بدعنوانی کے خلاف ملین مارچ کریں گے۔

مقتدیٰ الصدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ”میں نہایت مایوسی کے عالم میں بدعنوانی کے موجودہ طوفان، غربت، خوف، بھوک، پسماندگی، غبن اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف عوام سے سڑکوں پر نکلنے اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

عراق کے سکردہ مذہبی سیاسی رہ نما نے خبردار کیا کہ ملک کو آنے والے وقت میں نئے معاشی اور اقتصادی بحرانوں کا سامنا ہو گا۔

ایسے حالات میں میَں تمام غیور اہل وطن اور ملک سے محبت کرنے والوں کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ ملک میں آنے والے وقت میں درپیش بدترین سیکیورٹی اور اقتصادی بحران کے حوالے سے با خبر رہیں۔انہوں نے عوام الناس سے جمعہ کے روز اعلان کردہ احتجاجی ملین مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ کرپشن اور داعش کے خلاف لڑنے کا عزم رکھنے والے ملین مارچ میں شرکت کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عراقی عوام سیکیورٹی اداروں اور حشد الشعبی (شعیہ ملیشیا) کے ہاتھ مضبوط کریں اور بیماروں، زخمیوں، غریبوں اور مظلوم شہریوں کو ان کی تکالیف سے نجات دلائیں۔مقتدیٰ الصدر کا کہنا تھا کہ ملین مارچ میں ہر وہ شہری شرکت کرے جو ملک میں اصلاح، کرپشن سے نفرت، امن ومان اور پرآسائش زندگی گذارنے کا خواہاں ہو۔

متعلقہ عنوان :