سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے آ ن لائن،موبائل ووٹنگ سسٹم پر غور،سفارت خانوں میں ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ کار ممکن نہیں، انتخابی اصلاحات ذیلی کمیٹی کو آ ن لائن یا سمارٹ فون ووٹنگ پر کئی کمپنیوں نے بریفنگ دی،الیکشن کمیشن کو 400الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریدار ی اور ستمبر کے بعدکسی ضمنی انتخاب میں تجربہ کرنے کی ہدایت کردی،عارف علوی کی بریفنگ

منگل 23 فروری 2016 09:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23فروری۔2016ء)انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے آئندہ عام انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیو میٹرک سسٹم کے استعمال کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرا کو تیاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے ،ضمنی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو تجرباتی بنیادوں پر استعمال کرنے کیلئے الیکشن کمیشن ای وی ایم کی خریداری کے لئے ٹینڈر جاری کرے گا،سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے آ ن لائن ووٹنگ اور موبائل ووٹنگ سسٹم پر غور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذیلی کمیٹی کے کنوینئرڈاکٹرعارف علوی نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اجلا س میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے ،الیکٹرانیک ووٹنگ مشین اور بائیو میٹرک سسٹم کے استعمال پر الیکشن کمیشن کے حکام سمیت دیگر کمپنیوں نے تفصیلی بریفنگ دی ہے انہوں نے بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لئے سفارت خانوں میں ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ کار ممکن نہیں ہے کیونکہ اس سے سفارت خانوں پر لاکھوں پاکستانیوں کا رش ان ممالک میں سیکورٹی کے مسائل پیدا کرے گا انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے بیرون ممالک پاکستانیوں کو آ ن لائن اور موبائل سسٹم کے ذریعے ووٹ کا حق دینے کے سلسلے میں مشاورت کی ہے اور اس سلسلے میں آ ن لائن ووٹنگ یا سمارٹ فون کے استعمال کے بارے میں کئی کمپنیوں نے بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے دونوں طریقہ کار پر تجرباتی بنیادوں پر عمل کرکے اس کی رپورٹ پیش کریں انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے الیکٹرانیک ووٹنگ مشین کے بارے میں بھی الیکشن کمیشن کے حکام نے بریفنگ دی ہے اور الیکشن کمیشن کے حکام نے انڈیا میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے کامیاب استعمال کا مشاہدہ بھی کیا ہے انہو ں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو 400الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریدار ی کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ستمبر کے بعدکسی بھی ضمنی انتخاب میں اس کا تجربہ کیا جا سکے انہوں نے بتایاکہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن حکام نے رضامندی کا اظہار کیا ہے اور اگلے دو ہفتوں میں الیکٹرانیک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کیلئے اشتہار جاری کیا جائے گاانہوں نے بتایا کہ بائیو میٹرک سسٹم کے بارے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نادرا انتخابات کے دوران انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کے لئے ڈیٹا فراہم کرے گا اور الیکشن کمیشن کے حکام بائیو میٹرک سسٹم کے خدو خال واضح کرکے اس کے ٹینڈر جاری کریں گے کہ انہیں کس سطح کی بائیو میٹرک سسٹم کی ضرورت ہے یہ سسٹم صرف انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرے یا پھر انگوٹھے کی تصدیق کے ساتھ ساتھ تصویر بھی سامنے آسکے گی انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ سمندر پاکستانیوں کو اگلے انتخابات میں ووٹ کا حق دینے کی سہولت فراہم کی جائے اور پاکستان کے اگلے انتخابات الیکٹرانیک ووٹنگ اور بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرائے جائیں