کراچی،پپری میں پولیس اورحساس اداروں کی کاروائی اورمقابلہ،کالعدم تنظیم کے 8دہشت گردہلاک، علاقے میں سرچ آپریشن جاری، لاشوں کو شناخت اور ضروری کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا

منگل 23 فروری 2016 09:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23فروری۔2016ء)کراچی کے علاقے پپری میں پولیس اور حساس اداروں کی کارروائی کے دوران ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 8 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کراچی کے علاقے پپری میں پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے8 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ایس ایس پی راوٴ انوار کے مطابق پہلے سے گرفتار دہشت گردوں نعیم بخاری اور فاروق بھٹی کی نشان دہی پر پپری میں چھاپہ مارا گیا تو علاقے میں واقع مکان میں موجود دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس پر مزید نفری کو طلب کرکے علاقے میں آپریشن کیا گیا اور اس دوران پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں4دہشت گرد ہلا ک گئے جبکہ دیگر ملزمان فرار ہوگئے جس پر ملزمان کا تعاقب کیا گیا اور ایک بار پھر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں مزید4ملزمان ہلاک ہوگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی راوٴ انوار کا کہنا تھا کہ مذکورہ کارروائی پہلے سے گرفتار القاعدہ برصغیر چیپٹر کے رکن نعیم بخاری اور مثنیٰ کی نشاندہی پر کی گئی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ راوٴ انوار کے مطابق ہلاک ملزمان دہشت گردی کی کارروائیوں سمیت دیگر جرائم میں ملوث تھے اور ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج تھے، دہشت گردوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی میں ایک دہشت گرد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔انکاوٴنٹر اسپیشلسٹ راوٴ انوار کے مطابق موجودہ صورت حال کے پیش نظر ضلع ملیر اور آر آر ایف کی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے، دہشت گردوں کی لاشوں کو شناخت اور ضروری کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :