ریلوے اراضی قیمتی قومی جائیداد ہے ، لاوارث جاگیر نہیں کہ جہاں کوئی بھی جعلی رجسٹری بناکر قبضہ کرلے، خواجہ سعد رفیق ،وزیر ریلوے نے رائے ونڈ میں ریلوے کی جگہ قابضین سے واگزار کروانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ،جعلی رجسٹریاں بناکر ریلوے کی جگہ پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم

جمعہ 19 فروری 2016 09:22

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19فروری۔2016ء) ریلوے اراضی قیمتی قومی جائیداد ہے ، لاوارث جاگیر نہیں کہ جہاں کوئی بھی جعلی رجسٹری بناکر قبضہ کرلے ۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے رائے ونڈ میں ریلوے کی جگہ قابضین سے واگزار کروانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ۔جعلی رجسٹریاں بناکر ریلوے کی جگہ پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا گیا ۔

ڈی ایس ریلوے اور دیگر افسروں کو رکن پنجاب اسمبلی چودھری گلزار احمد گجر کے ساتھ مل کر ریلوے اسٹیشن کے اطراف میں اسٹیشن کو جانے والے تمام راستوں پر قائم دکانوں اور مکانوں کی شکل میں موجود ہر قسم کی عارضی و پختہ تجاوزات ختم کروانے کی ہدائت کی گئی ہے۔ وزیر ریلوے سعد رفیق نے گزشتہ روز اپنے دورہ رائے ونڈ پر ایم پی اے چودھری گلزار احمد گجر اورصدر پریس کلب عاطف سبزواری سے گفتگو میں بتایا کہ رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن عالمی حیثیت کے پیش نظر ہر لحاظ سے ماڈل بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

جنکشن کوجدید ترین سہولیات سے آراستہ کریں گے ،رائے ونڈ میں ریلوے کا بڑا شاپنگ مال بنایا جارہا ہے ۔،ریلوے کی اراضی قابضین سے خالی کرواکر عوامی ریلوے گراؤنڈ بنائیں گے،قائدین مسلم لیگ(ن) میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے شہر رائے ونڈ کے خوبصورت چہرے پر تجاوزات کی شکل میں موجود بدنما داغ صاف کرنا ان کا مشن اور عزم ہے ،انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کا ماڈل بنانے سے جہاں مسافروں کو سہولیات میسر آئیں گی وہیں پر محکمہ کو بھرپور منافع حاصل ہوگا۔

انہوں نے کرپٹ ریلوے افسران کی تبلیغی مرکز بازار کی سینکڑوں دکانوں کی بوگس نیلامیوں کی آڑ میں کرپشن ،لینڈ مافیا کی لوٹ مار اور سیاسی شخصیات کی بندر بانٹ کی شکائت پر ذمہ داروں کے خلاف سخت نوٹس لینے کی یقین دہانی کروائی ۔وزیر ریلوے نے کہا کہ امین پورہ ریلوے کراسنگ پر پھاٹک بننا ممکن نہیں تاہم اس سلسلے میں بہتر منصوبہ بندی کریں گے ۔

سٹی پھاٹک پر تجاوزات کا خاتمہ کرکے اس کو کشادہ کیا جائے گا، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تک آسان رسائی کیلئے انڈر پاس یا اوورہیڈ برج بنانے کا پروگرام بھی ماڈل تحصیل رائے ونڈ کے منصوبے میں شامل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ریلوے کے کرایوں میں کمی کی شکایات کرنے والے ریلوے کی سہولیات کا روڈ ٹرانسپورٹ سے موازنہ کریں تو ان کو کرایہ مہنگا نہیں محسوس ہوگا ۔مسافروں کیلئے مزید سہولیات بھی لے کر آرہے ہیں۔