متنازع جزیروں پر چین کی بڑھتی ہوئی عسکری کارروائیوں پرشدید تشویش ہے، امریکہ،عالمی قوانین کے تحت اپنی سر زمین کے تحفظ کے لیے دفاعی تنصیبات تعمیر کرنے کا حق حاصل ہے۔ چین

جمعہ 19 فروری 2016 09:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19فروری۔2016ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ جنوبی بحیرہچین میں واقع متنازع جزیروں پر چین کی بڑھتی ہوئی عسکری کارروائیوں پر امریکہ کو شدید تشویش ہے۔جان کیری نے یہ بات چین کی جانب سے جنوبی بحیرہچین میں واقع متنازع جزیروں میں سے ایک پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نصب کیے جانے کی اطلاعات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔

چین نے ان اطلاعات کو ’مبالغہ آرائی‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ اسے عالمی قوانین کے تحت اپنی سر زمین کے تحفظ کے لیے دفاعی تنصیبات تعمیر کرنے کا حق حاصل ہے۔اس جزیرے پر چین کے علاوہ تائیوان اور ویت نام ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں اور ان دونوں ممالک نے بھی میزائلوں کی تنصیب کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر سے اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ چین نے ووڈی یا یونگزنگ آء لینڈ پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نصب کیے ہیں۔

چین کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ اطلاعات مغربی میڈیا کی بنائی ہوئی ہیں۔تائیوان کی وزارتِ دفاع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ میزائل مسافر اور جنگی طیاروں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔چین کا کہنا ہے کہ اس کا سمندر میں مصنوعی جزیرے اور اس پر تعمیرات کا مقصد شہریوں کے لیے سہولیات پیدا کرناہے لیکن دوسرے ممالک اس کی ان کوششوں کو فوجی مقاصد کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :