چینی حکومت گوادر سمیت صوبے کے دیگر علاقوں کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریگی، ژی پنگ،اقتصادی راہداری کے تحت صوبے میں فری زون، اکنامک زون اور سپیشل زون قائم کئے جائیں گے ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل چائنہ فاؤنڈیشن فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ

جمعہ 19 فروری 2016 09:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19فروری۔2016ء) چین کی حکومت گوادر سمیت صوبے کے دیگر علاقوں کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرے گی، اقتصادی راہداری کے تحت صوبے میں فری زون، اکنامک زون اور سپیشل زون قائم کئے جائیں گے اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کر کے فنی تربیت کی فراہمی کے ذریعے گوادر اور صوبے کے دیگر علاقوں کے نوجوانوں کو سی پیک کے منصوبوں اور بیرون ملک روزگار حاصل کرنے کے قابل بنایا جائیگا۔

اس بات کی یقین دہانی چائنا فاؤنڈیشن فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ژی پنگ اور چائنا اوورسیزپورٹس ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین ژینگ باؤ ژونگ کی قیادت میں چین کے اعلیٰ سطحی وفد نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے ہونے والی ملاقات کے دوران کرائی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی مشیران میر خالد خان لانگو، عبیداللہ بابت، محمد خان لہڑی، سینیٹر آغاشہباز خان درانی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین جمالدینی ، آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں شریک تھے، ملاقات میں چین کی معاونت سے گوادر کی ترقی اور سی پیک کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی، وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر سے صرف بلوچستان اور پاکستان کا ہی نہیں بلکہ چین کا بھی اقتصادی مستقبل وابستہ ہے، اقتصادی راہداری کا منصوبہ خطے کیلئے اہم اور گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، اس تناظر میں ضرورت اس امر کی ہے کہ اقتصادی راہداری کے گوادر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے، فری زون، اکنامک زون اور اسپیشل زون فوری طور پر قائم کئے جائیں اور گوادر کے نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی کیلئے ووکیشنل ٹریننگ کے ادارے بنائے جائیں تاکہ وہ گوادر کے ترقیاتی منصوبوں میں روزگار حاصل کر کے صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں، چینی وفد نے یقین دلایا کہ چائنا فاؤنڈیشن فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ ناصرف صوبے میں ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کرے گی بلکہ بیوٹمز اور بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے معاونت بھی فراہم کرے گی، ملاقات میں حکومت بلوچستان اور چین کے متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط روابط کے فروغ پر اتفاق کیا گیا، بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا اور یادگاری شیلڈز کا تبادلہ کیا گیا۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :