دھرنے کا حصہ ہوتے تو دوسری بڑی قوت ہوتے، آصف زرداری ،تھر میں ایک بچہ بھی مر جائے تو شور مچ جاتا ہے ، گنگارام ہسپتال میں روزانہ کئی بچے مرتے ہیں لیکن کوئی شور نہیں مچاتا ، مسلم لیگ (ن) الیکشن جیتنے کیلئے بجٹ کا 90 فیصد ایک شہر پر خرچ کرتی ہے،نیویارک میں پیپلزپارٹی کے وفد سے گفتگو

جمعرات 18 فروری 2016 09:41

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18فروری۔2016ء)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر ہم دھرنے کا حصہ ہوتے تو دوسری بڑی قوت ہوتے،تھر میں ایک بچہ بھی مر جائے تو شور مچ جاتا ہے جبکہ گنگارام ہسپتال میں روزانہ کئی بچے مرتے ہیں لیکن کوئی شور نہیں مچاتا ہے، مسلم لیگ (ن) الیکشن جیتنے کیلئے بجٹ کا 90 فیصد ایک شہر پر خرچ کرتی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نیویارک میں پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفد میں پیپلزپارٹی کے رہنماء ایاز سومرو ‘ بلاول بھٹو سمیت پیپلزپارٹی کے 70 کارکنان شامل تھے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومت تنگ نظر ہے لیکن پھر بھی کسی غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔ دھرنے میں بھی غیر جمہوری قوت کا ساتھ نہیں دیا۔ پی ٹی آئی کے دھرنے کے دوران پولیس حکومت کے کنٹرول میں نہیں تھی۔ شہید بی بی بے نظیر بھٹو کے وعدے کے مطابق سوات میں پاکستان کا جھنڈا لہرایا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن جیتنے کیلئے بجٹ کا نوے فیصد ایک شہر پر خرچ کرتی ہے تھر میں ایک بچہ بھی مر جائے تو شور مچ جاتا ہے لیکن گنگا رام میں روزانہ کئی بچے مرتے ہیں لیکن کوئی شور نہیں مچاتا ہے۔