چوہدری نثار ایف آئی اے کے دفاع میں میدان میں آ گئے ، آصف زرداری کو ایف آئی اے کے کردار سے متعلق جاننے کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانیکی پیشکش ، ایف آئی آے کو اپنے دور اقتدار میں کسی قسم کے غیر قانونی ،سیاسی ،یاذاتی کام کے لیے استعمال نہیں کیا ،اسے مکمل غیر جانبدار ادارہ بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،وزیر داخلہ

جمعرات 18 فروری 2016 09:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 18فروری۔2016ء) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے دفاع میں میدان میں اتر آئے ہیں انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کو ایف آئی اے کے کردار سے متعلق جاننے کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی پیش کش کر دی ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ایف آئی آے کو مکمل غیر جانبدار ادارہ بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، اپنے دور اقتدار میں کسی قسم کے غیر قانونی ،سیاسی ،یاذاتی کام کے لیے استعمال نہیں کیا ، ایف آئی اے میں جتنے بھی مقدمات زیر تفتیش ہیں میرٹ کے مطابق درج کیے گئے ہیں ، وزارت داخلہ کی جانب سے ایف آئی کو بیرونی دباؤ میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی ، انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو ایف آئی اے کے کردار پر اگر کوئی شک ہے تو انکی تسلی کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیا ر ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری نے نیب سے متعلق اپنے رد عمل کااظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا انہوں نے کہا تھا کہ نیب کی طرح ایف آئی اے بھی معصوم لوگوں کو بلاوجہ تنگ کرتی ہے۔