وفاقی دارالحکومت میں تاریخ میں پہلے میئراور ڈپٹی میئرکے انتخاب ، مسلم لیگ ن کے پینل نے میدان مارلیا،شیخ انصر میئر، چوہدری رفعت ،اعظم خان اور ذیشان شاہ ڈپٹی میئرمنتخب ،شیخ انصر نے 49،تحریک انصاف کے امیدوار راجہ خرم نوازنے 26ووٹس حاصل کیے

منگل 16 فروری 2016 10:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16فروری۔2016ء )وفاقی دارالحکومت میں تاریخ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پہلے میئراور ڈپٹی میئرکے انتخاب میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے پینل نے میدان مارلیاہے اور شیخ انصر اسلام آباد کے پہلے میئرجبکہ چوہدری رفعت ،اعظم خان اور ذیشان شاہ ڈپٹی میئرمنتخب ہوگئے ہیں میئرکے انتخاب میں کامیابی پرمسلم لیگ ن کے کارکنان کاجشن اورڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے ، میئر کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوارشیخ انصر نے 49ووٹس حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار تحریک انصاف کے امیدوار راجہ خرم نوازنے 26ووٹس حاصل کیے تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیرکومیئر اور ڈپٹی میئر کے چناوٴ کے لئے خفیہ رائے شماری کرائی گئی جس میں 77 منتخب ممبران نے حصہ لیناتھاتاہم جس میں سے 75ارکان نے رائے شماری میں حصہ لیاجبکہ دوارکان ووٹ نہ ڈال سکے ان ارکان میں یونین کونسل نمبر23کے عقیل خٹک اوریونین کونسل 32کے جمیل کھوکر شامل ہیں ذرائع کاکہناہے کہ ایک رکن بیرون ملک ہونے جبکہ دوسرے کے پاس قومی شناختی کارڈنہیں تھاجس کی وجہ سے وہ اپناووٹ کاسٹ نہ کرسکے اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم لیگ ن کے پینل نے کلین سویپ کرتے ہوئے شہر اقتدار پر قبضہ جمالیاہے