پیپلزپارٹی نے عزیر بلوچ کے کہنے پر تین امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دیئے تھے‘ نبیل گبول ،عزیر بلوچ سمیت آٹھ دہشت گردوں کا مقدمہ ملٹری کورٹ میں بھیجا جائے،پیپلزپارٹی پر آج وہ لوگ قابض ہیں جن کے بارے بے نظیر نے بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا، پارٹی میں شامل گندے انڈوں نے پارٹی کو تباہ کردیا،کچھ فرار ہوچکے ہیں جبکہ دیگر بھی جلد نکل جائیں گے، مجھ پر سابقہ دور میں ایوان صدر کے احکامات پر حملے کئے گئے تھے ،خود کو پیش کرتا ہوں کسی بھی جرم میں ملوث ہوا تو ہر سزا بھگتنے کیلئے تیار ہوں ،نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال

پیر 15 فروری 2016 10:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 15فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے عزیر بلوچ کے کہنے پر تین امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دیئے تھے‘ عزیر بلوچ سمیت آٹھ دہشت گردوں کا مقدمہ ملٹری کورٹ میں بھیجا جائے‘ پیپلزپارٹی پر آج وہ لوگ قابض ہیں جن کے بارے میں بے نظیر بھٹو نے بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔

پیپلزپارٹی میں شامل گندے انڈوں نے پارٹی کو تباہ کردیا ہے ،کچھ گندے انڈے فرار ہوچکے ہیں جبکہ دیگر بھی جلد نکل جائیں گے‘ مجھ پر سابقہ دور میں ایوان صدر کے احکامات پر حملے کئے گئے تھے۔ یہ انکشافات انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جن وجوہات کی بناء پر میں نے پارٹی چھوڑی ہے آج وہ سب کے سامنے ظاہر ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ 2010 ء کے اوائل میں پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری پر واضح کیا کہ ذوالفقار مرزا نے عزیر بلوچ کے اوپر ہاتھ رکھا ہے اس کو سمجھائیں اور یہ لیاری سے پیپلزپارٹی کو ختم کردے گی جس پر مجھے زرداری نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کو اپنا کام کرنے دیں وہ لیاری کو خود ہی ہینڈل کرے گا میں نے ایک بار نہیں بلکہ دس بار اس خطرے سے پارٹی کو آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ 2007 ء کے الیکشن سے پہلے لندن میں بی بی سے ملاقات کے وقت انہوں نے چار پانچ ایسے بندوں کا نام لیا جو آج وزیر بنے ہوئے ہیں انہوں نے پیپلزپارٹی کو تباہ کیا ہے بی بی اپنی شہادت سے پہلے یہ کہہ چکی تھیں کہ یہ بی بی کے لوگ نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ میرے سامنے لیاری کے لوگ یہاں ہوتے ہیں اور میں کچھ نہ کر سکا لیاری میں یونیورسٹی بنائی مگر اس کا افتتاح عزیر بلوچ نے کیا میں خود بھی اس صورتحال کا ڈسا ہوا ہوں مجھے لیاری کے اندر جانے سے منع کیا میرے مخالفوں اور گینگ وار کے لوگوں کے کہنے پر لیاری میں ایس ایچ اوز لگائے گئے انہوں نے کہا کہ آج پیپلزپارٹی کے تین ایم این اے اور ایم پی ایز عزیر بلوچ کے حلف یافتہ لوگ ہیں انہوں نے کہا کہ پی پی پی میں اچھے لوگ زیادہ اور برے لوگ کم ہیں آصف علی زرداری نے کہا کہ پی پی سے برے لوگوں کو نکال دوں گا اور اس میں سے کچھ لوگوں کو نکالا بھی جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

نبیل گبول نے کہا کہ آرمی پبلک سکول میں معصوم بچے مارے گئے جبکہ عزیر بلوچ کے کھاتے میں 600 سے زیادہ افراد قتل کیا گیا ہے بسوں سے لوگوں کو اتارا اور قتل کیا گیا ان کے سر قلم کئے گئے اور اس کے سر سے فٹ بال کھیلا گیا عزیر بلوچ کے کیس کو ملٹری کورٹ کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کو تباہ کرنے والا ذوالفقار مرزا ہے اور میں نے اسے کہا کہ یہ تم کیا کررہے ہو جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے اس کے احکامات صدر ہاؤس سے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ کا کیس سندھ حکومت ملٹری کورٹ میں بھجوائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی سکیورٹی کی خاطر اقدامات کئے تھے میں نے مولا بخش کو کہا کہ لیاری میں بہت زیادہ قتل عام ہورہا ہے اور میں نے کہا تھا کہ میں وزارت سے استعفیٰ دیتا ہوں انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ ‘ بابا لاڈلا‘ جبار جنگو اور استاد تاجو سمیت آٹھ مفروروں جن کے سروں کی قیمت لگی ہوئی تھی ان کو سندھ حکومت نے الیکشن سے تین مہینے پہلے ختم کردیا اور جب عزیر بلوچ کو جو گھر میں موجود اور میڈیا کو انٹرویو دے رہا تھا ، سپریم کورٹ نے اسکی گرفتاری کے احکامات دیئے مگر پولیس اس کو گرفتار نہیں کر سکی ۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات یہ تھی کہ وزیراعلیٰ سندھ حلف اٹھانے کے بعد مزار قائد پر جانے کی بجائے عزیر بلوچ کے گھر کھانا کھانے چلے گئے اور انتظامیہ کو یہ پیغام دیا گیا کہ یہ ہمارا آدمی ہے اس کو کچھ نہ کہا جائے مگر اس کے باوجود چھ ماہ کے بعد عزیر بلوچ کو لیاری سے بھاگنا پڑا انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ ایرانی پاسپورٹ پر سفر کررہے تھے اور یہی بات میں نے حکومت کو بتائی تھی کہ عزیر بلوچ ایرانی پاسپورٹ استعمال کر رہا ہے جس پر انٹرپول نے اس کے ریڈ وارنٹ بھی جاری کئے تھے انہوں نے کہا کہ میں کسی سے نہیں ڈرتا اور یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ عزیر بلوچ کا کیس ملٹری کورٹ میں بھیجا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ممبران اسمبلی شرجیل میمن ‘ قادر پٹیل اور دیگر ممبران عزیر بلوچ کے گھر میں واقع سوئمنگ پول میں رات کو نہاتے تھے انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو پیش کرتا ہوں اگر کسی بھی جرم میں ملوث ہوا تو ہر سزا بھگتنے کیلئے تیار ہوں۔