میٹرک کے امتحانات کا پیٹرن تبدیل،تحریری 60،پریکٹیکل 40 نمبروں کا ہوگا

ہفتہ 13 فروری 2016 09:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 13فروری۔2016ء)میٹرک پارٹ ٹو اور پارٹ ون ، نویں اور دسویں جماعت کے ہونے والے امتحانات کا پیٹرن تبدیل کر دیا ہے جس میں اس سال میٹرک پارٹ ون نویں جماعت کے شروع ہونے والے امتحانات اس نئے پیٹرن کے تحت لیے جائیں گے جس میں نویں جماعت کا فزکس، کیمسٹری اور بیالوجی کا تحریری امتحان 75کی بجائے 60نمبروں کا لیا جائے گا۔

تعلیمی بورڈز کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق میٹرک کے سالانہ امتحانات سال 2016ء یکم مارچ سے شروع ہو رہے ہیں۔ اس حوالے لاہور بورڈ انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ ہونے والے امتحانات میں 4لاکھ66ہزار 397 امیدوار شرکت کریں گے۔ ترجمان لاہور بورڈ نے مزید بتایاکہ میٹرک امتحان کیلئے تمام ترانتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں، شہر بھر میں 513 امتحانی سنٹرز تشکیل دے دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق نہم جماعت کے امتحان میں 2 لاکھ 50 ہزار 869 جبکہ دہم جماعت کے امتحان میں 2لاکھ 16ہزار 528امیدوار بیٹھیں گے۔ نہم اور دہم جماعت کے امتحان کا سلسلہ 2اپریل تک جاری رہے گا۔ عملی امتحان کا آغاز 5اپریل سے ہوگا جو 21مئی تک جاری رہے گا۔ترجمان لاہور بورڈ کے مطابق رواں سال سے نویں جماعت کا فزکس، کیمسٹری اور بیالوجی کا تحریری امتحان 75کی بجائے 60نمبروں کا لیا جائے گا۔