آرمی چیف نے 12دہشت گردوں کی سزا ئے موت کی توثیق کر دی،مجرموں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان اور سپاہ صحابہ سے ہے

جمعہ 12 فروری 2016 09:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 12فروری۔2016ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوجی عدالتوں سے بنوں جیل پر حملے اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے پر سزا یافتہ کالعدم تنظیموں کے 12دہشت گردوں کی سزا ئے موت کی توثیق کر دی ہے ،مجرموں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان اور سپاہ صحابہ سے ہے ۔جمعرا ت کے روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ’آئی ایس پی آر‘ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فوجی عدالتوں نے ان دہشت گردوں کو بنوں جیل اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہونے کے جرم میں پھانسی کی سزا سنائی تھی،سزائے موت پانے والے12 دہشت گردوں میں محمد عربی ، شوالے،شوکت علی ،امداد اللہ ،محمد عمر ،صابر شاہ ،خاندان ،انور علی ، رفیع اللہ ،قاری آصف محمود ،محمد ذیشان اورناصر خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق عربی نامی دہشت گرد بنوں جیل ، قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں پر حملے میں ملوث تھاجس کا اس نے اعتراف کیا ہے ، جبکہ کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ سرگرم رکن کا رکن رفیع اللہ سید وقار حید ر کے قتل میں ملوث تھا،ترجمان کے مطابق دیگر دہشت گرد بھی دہشت گردی کے مختلف واقعات سمیت سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے ، تمام ملزمان کا فوج عدالتوں میں ٹرائل ہو ا جہاں انہیں صفائی کا مکمل موقع دیا گیا مگر مجرمان اپنے آپ کو بے گناہ ثابت نہیں کر سکے جس پر انہیں فوجی عدالت سے سزا دی گئی واضح رہے کہ 21ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم ہونے والیں فوجی عدالتوں سے اب تک دہشت گردی میں ملوث کئی مجرمان کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے، جن میں سے کئی کو آرمی چیف کی توثیق کے بعد تختہ دار پر لٹکایا بھی جاچکا ہے۔