ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی20 کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا،احمد شہزاد آؤٹ ،عمر گل، محمد رضوان اور صہیب مقصود بھی جگہ بنانے میں ناکام، خرم منظورکی سرپرائز انٹری ،2 نئے کھلاڑی آل راؤنڈر محمد نواز اور رومان رئیس بھی شامل ، قیادت شاہد آفریدی کرینگے، ورلڈ ٹی 20 بھارت میں 9 مارچ ، ایشیا کپ 24فروری سے بنگلہ دیش میں شروع ہوگا ،سکیورٹی خدشات کے سبب پاکستانی ٹیم بھارت نہ جا سکی تو ممکن ہے اس کے میچ کسی تیسرے ملک میں ہوں،پی سی بی

جمعرات 11 فروری 2016 09:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11فروری۔2016ء)بنگلہ دیش میں رواں ماہ کھیلے جانے والے ایشیا کپ اور بھارت میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے لیے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے،ان مقابلوں کے لیے ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کو سونپی گئی ہے۔متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑی محمد نواز اور رومان رئیس پہلی مرتبہ قومی ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ان کے علاوہ سلیکشن کمیٹی نے اوپنر خرم منظور کو پہلی بار ٹی 20 فارمیٹ میں منتخب کر لیا ہے۔وہ اس سے قبل 16 ٹیسٹ اور سات ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انھوں نے اپنا آخری ٹیسٹ 2014 میں جبکہ آخری ون ڈے 2009 میں کھیلا تھا۔

(جاری ہے)

خرم منظور نے اس سیزن میں کھیلے گئے قومی ایک روزہ کپ میں دوسنچریاں بنانے کے علاوہ گزشتہ ماہ پاکستان اے کی طرف سے انگلینڈ لائنز کے خلاف بھی سنچری سکور کی تھی۔

مسلسل مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر احمد شہزاد بالآخر ڈراپ کر دیے گئے ہیں جبکہ ان کے علاوہ عمر گل، محمد رضوان اور صہیب مقصود وہ کھلاڑی ہیں جو سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔پاکستانی سکواڈ شاہد آفریدی (کپتان)، محمد حفیظ، خرم منظور، شعیب ملک، سرفراز احمد، عمر اکمل، افتخار احمد، بابر اعظم، عماد وسیم، محمد عامر، انور علی، وہاب ریاض، محمد عرفان، محمد نواز اور رومان رئیس پر مشتمل ہے۔

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 24 فروری سے چھ مارچ تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 بھارت میں نو مارچ سے شروع ہوگا۔شیڈول کے مطابق ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کو اپنا پہلا میچ 16 مارچ کو کھیلنا ہے جبکہ 19مارچ کو اس کا مقابلہ بھارت سے ہے۔خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی20 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرکت کا فیصلہ ابھی نہیں ہو سکا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر سکیورٹی خدشات کے سبب پاکستانی ٹیم بھارت نہ جا سکی تو ممکن ہے کہ اس کے میچ کسی تیسرے ملک میں ہوں۔