آزاد کشمیر انتخابات،تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے کوششیں شروع

جمعرات 11 فروری 2016 09:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 11فروری۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے درمیان آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری کو مرکز کی جانب سے شروع کیے گئے اقدامات سے آگاہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گلبر گ گرین میں مرکزی دفتر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے دوران بیرسٹر سلطان محمودچوہدری بتایا ہے کہ پی پی پی کی مرکزی قیادت اور وہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات میں اتحاد کے لیے کوششیں کر رہے ہیں ،اور جلد اس عمل کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا ،عمران خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے کہا کہ مسلم لیگ ن کا آزاد کشمیر میں راستہ روکنے کے لیے ن لیگ مخالف پارٹیوں سے اتحاد ناگزیر ہے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں ووٹ بینک کی حامل پارٹی ہے اس سے اتحاد کر کے تحریک انصاف آزاد کشمیر میں بیشتر سیٹوں پر کامیابی حاصل کر سکتی ہے اور ن لیگ کے ووٹ کو بھی توڑا جا سکتا ہے ،ذرائع کے مطابق پر بیر سٹر سلطان محمود چوہدری نے ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا کہ مجید مائنس اتحاد منظور ہے مجید کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہو گا ،ذرائع سے معلوم ہوا کہ آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی قیادت کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے باضابطہ ملاقات ہو گی جس میں دیگر مرکزی رہنما بھی شامل ہونگے ملاقات میں آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات اور ممکنہ اتحاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا