افغانستان ، فوجیوں کی گاڑی پر خود کش حملہ، 12افراد ہلاک،18زخمی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

منگل 9 فروری 2016 09:28

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 9فروری۔2016ء)شمالی افغانستان میں فوجیوں سے بھری گاڑی پر خودکش حملے میں 12افراد ہلاک اور 18سے زائد شدید زخمی ہو گئے ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ حملہ پیر کی صبح صوبہ بلخ میں کیا گیا اور اس کا ہدف ایک منی بس تھی جس پر افغان نیشنل آرمی کے جوان سوار تھے۔

افغان ٹی وی نے بلخ پولیس کے صوبائی سربراہ عبدالرزاق قادری کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملے میں 18 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ واقعہ کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے ۔عینی شاہدین نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ کم ازکم 12افراد کی لاشیں اٹھائی گئیں ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ، انہوں نے بتایاکہ دھماکہ خود کش تھا۔

(جاری ہے)

گذشتہ کچھ عرصے سے افغانستان میں ایک بار پھر شدت پسندوں کی جانب سے حملوں کا سلسلہ تیز ہوا ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں دارالحکومت کابل میں ایک خودکش حملے میں کم سے کم 20 افراد ہلاک ہوئے تھے۔اس حملے میں شہر کے مغربی حصے میں واقع اس عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا جہاں افغان پولیس کے اس یونٹ کا دفتر ہے جو طالبان کے خلاف آپریشن کرتا ہے،طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ان حملوں کے بعد ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملی ہے کہ یہ حملے طالبان کی جانب سے مذاکرات کے دوران اپنا پلہ بھاری رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔