اوورسیز فاؤنڈیشن کی بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کیلئے متعدد سکیمیں شروع ،ملکی و غیر ملکی ائیرپورٹس معلوماتی کاؤنٹرز کا قیام،بیرون ممالک سے میتوں کیلئے فری ایمبولینس سروس بھی شروع

پیر 8 فروری 2016 09:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8فروری۔2016ء) وزارت سمندر پار پاکستانیز ہیومن ریسورس کی ہدایت پر اوورسیز فاؤنڈیشن نے بیرون ممالک میں قیام پذیر پاکستانیوں کو سہولیات دینے کیلئے متعدد سکیمیں شروع کردی ہیں۔ ملکی و غیر ملکی تمام ائیرپورٹس پر معلومات کیلئے کاؤنٹرز کے قیام کے علاوہ باہر ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کی میتوں کیلئے فری ایمبولینس سروس بھی شروع کردی ہے۔

او پی ایف ا علامیہ کے مطابق کسی بھی بحرانی اور ناگہانی صورتحال‘ سیلاب‘ زلزلہ کی صورت میں متعلقہ ممالک کی نہ صرف معاونت کی جاتی ہے بلکہ ہر ممکن لاجسٹک مدد کی جاتی ہے۔ او پی ایف نے اب تک آنکھوں کے 2 لاکھ 26 ہزار 7 سو کے قریب مریضوں کا علاج کیا او ران میں سے گیارہ ہزار ایک سو 59 مریضوں کا آپریشن کروایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مفت ایمبولینس سروس کے تحت دو ہزار 270 میتیں لائی گئی ہیں۔

او پی ایف ذرائع کے مطابق 18 ہزار 8 سو چالیس شکایات موصول ہوئی اور 17 ہزار 8 سو چوبیس شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے۔ بیرون ممالک پاکستانیوں کی یہاں پاکستان میں مشکلات دور کرنے کیلئے او پی ایف بلڈنگ میں بینک اور نادرا دفتر بھی قائم کئے گئے ہیں‘ صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران سے تعلق رکھنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے 102 متاثرہ خاندانوں میں 25 ہزار روپے فی کس کے حساب سے ادا کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں لیبیا سے اپنے پاکستانیوں کی واپسی کو یقینی بنانے کیلئے کل 8758 پاکستانیوں میں سے 2454 پاکستانیوں کی معاونت فراہم کی گئی تھی۔ یمن بحران کے دوران 1037 افراد کو معاونت فراہم کی گئی تھی۔