پی آئی اے ملازمین پر سیدھی فائرنگ کی گئی،لاشیں گرانے کی ذمہ دارحکومت ہے، پرویز الہٰی، اورنج لائن منصوبہ عوام کی تباہی و بربادی کا پیکج ہے ،مسلم لیگ (ق) مہنگائی اور بے روزگاری سمیت عوام مخالف ہرحکومتی اقدام کیخلاف سراپا احتجاج رہی اور آج بھی ہے،اورنج میٹرو منصوبہ ہمارا تھا تھا ، جسے چوری کیا گیا، ہم نے اسے زیر زمین چلانا تھا،میڈیا سے گفتگو

اتوار 7 فروری 2016 10:52

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7فروری۔2016ء)مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی آئی اے ملازمین پر سیدھی فائرنگ کرکے لاشیں گرائی گئیں ، لاشوں گرانے کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے ، اورنج لائن منصوبہ عوام کی تباہی و بربادی کا پیکج ہے ،مسلم لیگ (ق) مہنگائی اور بے روزگاری سمیت عوام مخالف ہرحکومتی اقدام کیخلاف سراپا احتجاج رہی اور آج بھی ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کے قاتل ہیں جس طرح اپنے حق کے حصول کے لئے پی آئی اے کے ملازمین پر سیدھی فائرنگ کی گئی وہ نہایت ہی افسوسناک ہے بے حسی کی بدترین مثال ہے ۔انہوں نے کہاکہ اپنے حقوق کے لئے احتجاج کرنا ہر پاکستانی شہری کا حق ہے اور آئین اس کی اجازت بھی دیتا ہے لیکن حکمرانوں نے اپنے کیخلاف اٹھنے والی آواز کو دبانے کے لئے فائرنگ کی تاہم یہ آواز مزید بلند ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور ہمارے حکمران اورنج میٹرو ٹرینیں چلا رہے ہیں ،یہ منصوبہ ہمارا تھا جسے چوری کیا گیا اور ہم نے اسے زیر زمین چلانا تھا مگر موجودہ حکمران لوگوں کو بے گھر کرکے ٹرینیں چلا رہے ہیں اور میرے خیال میں یہ منصوبہ عوام کیلئے تباہی و بربادی کا پیکج ثابت ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ق) نے ہمیشہ عوامی کی خوشحالی اور خدمت کے لئے کام کیا ہے اور غریب عوام کی آواز پارلیمنٹ تک پہنچائی ، انہوں نے کہاکہ ہماری ہمدردیاں پی آئی اے کے متاثرہ ملازمین کے ساتھ ہیں اور ان کی آواز بلند کریں گے ، پہلے بھی ہم نے بے روزگاری ، مہنگائی ، لوڈ شیڈنگ سمیت حکومت کے ہر عوام مخالف اقدام کیخلاف احتجاج کیا اور عوام کیلئے سڑکوں پر نکلے اور پارلیمنٹ بھی ان کیلئے آواز بلند کی۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف پہنچانے کی بجائے تکلیف مسلسل تکلیف پہنچا رہے ہیں ۔