پنجاب حکومت خفیہ رائے شماری سے گھبرا گئی، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر انتخابات کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا،بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور سپاہی سمیت ای سی پی کو کروڑوں نقصان کا اندیشہ

جمعہ 5 فروری 2016 09:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 5فروری۔2016ء)پنجاب حکومت خفیہ رائے شماری سے گھبرا گئی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخابات کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے،بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور سپاہی سمیت ای سی پی کو کروڑوں روپے نقصان کا اندیشہ پیدا ہوگیا،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق پنجاب اور سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ منسوخ ہوگیا ہے پنجاب اور سندھ حکومت میں خفیہ رائے شماری کی وجہ سے اختلافات شدت کرگئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے جن آزاد امیدواروں کو لالچ دے کر اپنے ساتھ ملا لیا تھا،انہیں خدشہ ہے کہ خفیہ رائے شماری میں وہ انہیں ووٹ نہیں دیں گے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بیلٹ پیپر کی چھپائی سے قبل سندھ اور پنجاب حکومتوں کو خطوط لکھے تھے کہ خفیہ رائے شماری کو ختم کرنے کیلئے کوئی قانون سازی جلد کرلی جائے تاہم دونوں حکومتوں کی اسمبلیوں میں اختلافات کے باعث آئین میں ترمیم نہ ہوسکی،الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں حکومتوں نے اگر آئین میں ترمیم نہ کی تو پھر الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین کے مطابق خفیہ رائے شماری کے ذریعے الیکشن کرانے کے احکامات جاری کردے گا،واضح رہے کہ سات افراد سندھ اور پنجاب ہائی کورٹ میں بھی خفیہ رائے شماری کے خلاف عدالتوں میں درخواستیں دائر کر چکے ہیں جس کے باعث ای سی پی نے عدالت عالیہ کے فیصلہ آنے تک انتخابی شیڈول مؤخر کردیا ہے یاد رہے کہ یہ انتخابات 8،11 اور14فروری کو ہونا تھے