سینیٹ قائمہ کمیٹی کا بیرون ممالک میں مقیم دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی سفارش ، سفارت خانوں میں نادرہ دفاتر اور پاسپورٹ کی جلد فراہمی کیلئے سفارتخانوں میں پاسپورٹ مشین لگانے کے لئے اقدامات کی ہدایت،ایف آئی اے ،نادرہ ،امیگریشن اور وزارت خارجہ کے حکام کو آئندہ اجلاس میں طلب، ورکر ویلفیئر فنڈ کے سیکرٹری کی عدم تعیناتی پر کمیٹی کا برہمی کا اظہار:تعیناتی کیلئے 15روز کی مہلت

جمعرات 4 فروری 2016 08:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2016ء) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار و انسانی وسائل نے بیرون ممالک میں مقیم دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی سفارش کر دی ہے ،بیرون ممالک سفارت خانوں میں نادرہ دفاتر اور پاسپورٹ کی جلد فراہمی کیلئے سفارتخانوں میں پاسپورٹ مشین لگانے کے لئے فوری اقدامات کرنے اور بیرون ممالک پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے ایف آئی اے ،نادرا ،امیگریشن اور وزارت خارجہ کے حکام کو آئندہ اجلاس میں بریفنگ دینے کی ہدایت کر دی ہے ،کمیٹی نے ورکر ویلفئیر فنڈ کے سیکرٹری کی عدم تعیناتی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری کی تعیناتی کیلئے 15دنوں کی مہلت دیدی ہے ۔

(جاری ہے)

کمیٹی کا اجلاس چیرمین باز محمد خان کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا اجلاس کو اورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کی جانب سے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے بارے میں کئے جانے والے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر سیکرٹری اورسیز نے بتایا کہ سمندر پاکستانیوں کے لئے مختلف فلاحی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں تعلیم صحت فنی تربیت اور ہاؤسنگ سکیمیں شامل ہیں پاکستان کے کئی شہروں میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے لئے معلومات کی فراہمی کے کاؤنٹر بنائے گئے ہیں اس موقع پر کمیٹی کو بتایا گیا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو بیرون ممالک خصوصاً سعودی عرب میں وفات پانے والے پاکستانیوں کے ورثا کو واجبات کی ادائیگیوں میں تاخیر کے مسائل کا سامنا ہے اس کے علاوہ بیرون ممالک پاکستانی سفارت خانوں کی کارکردگی بھی بہتر نہیں ہے کمیٹی کو بتایاگیا کہ خلیجی اور یورپی ممالک کی جیلوں میں مختلف جرائم کے تحت قید پاکستانیوں کے لواحقین بھی سفارت خانوں کی جانب سے قیدیوں کی خبر گیری کی حوالے سے شکایات کرتے ہیں جبکہ بعض ممالک سے پاکستانی مریضوں کو زبردستی ملک بدر کر دیا جاتا ہے کمیٹی کو بتایاگیا کہ بیرون ممالک میں محنت مزدوری کیلئے جانے والے پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضے کر لئے جاتے ہیں جبکہ یورپی ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کو اغوا برائے تاوان کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے کمیٹی کوبتایا گیا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اب تک مختلف نوعیت کی 18840شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 17824شکایات حل کر لی گئیں ہیں جبکہ 1016شکایات ابھی تک زیر التو ہیں اس موقع پر کمیٹی کے ارکین نے بیرون ممالک پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا کمیٹی کے رکن رحمن ملک نے کہاکہ بیرون ممالک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا بہت ضروری ہے اس کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کی جائے انہوں نے کہاکہ بیرون ممالک پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے حصول کیلئے بھی کئی کئی ہفتوں انتظار کرنا پڑتا ہے لہذا بیرون ممالک سفارتخانوں میں پاسپورٹ مشینیں نصب کی جائیں تاکہ آ ن لائن طریقے سے پاسپورٹ کا حصول آسان بنایا جا سکے انہوں نے کہاکہ بیرون ممالک پاکستانیوں کو بہت زیادہ لوٹا جا رہا ہے اس کے سدباب کیلئے بھی فوری اقدامات کرنا ہونگے اس موقع پر کمیٹی کو سیکرٹری اورسیز خضر حیات نے بتایا کہ سیکرٹری ورکرز ویلفیر فنڈکی عدم تعیناتی کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے کمیٹی نے سیکرٹری کی فوری تعیناتی کے لئے 15دنوں کی مہلت دیدی ہے ۔

متعلقہ عنوان :