نیدر لینڈ حکومت غیر قانونی ڈرونز کی تعداد میں اضافے سے خوفزدہ،ڈرونز کی پکڑ دھکڑ کیلئے ”عقاب“ کو تربیت دینا شروع کر دی

بدھ 3 فروری 2016 08:57

ایمسٹرڈیم(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 3فروری۔2016ء)نیدرلینڈ کی حکومت نے آسمان پر پرواز کرنے والے غیر قانونی ڈرون طیاروں کو پکڑنے کے لیے عقابوں کو تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے ،اس سلسلے میں تربیت یافتہ عقاب ایک عقاب ہوا میں منڈلاتے ڈرون کی جانب جھپٹتے ہوئے اپنے پنجوں میں مشین کو دبوچے گا اور پھر اڑ جائیگا،نیدر لینڈ کی پولیس کی جانب سے غیر قانونی ڈرونز کے تدارک کے لیے پیش کیے جانے والے مختلف اقدامات میں سے یہ بھی ایک قدم ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ عوام کی جانب سے ڈرون کے بڑھتے ہوئے استعمال کی روک تھام کی کوشش کررہے ہیں۔عقابوں کو تربیت دینے کے لیے پولیس نے گارڈ فرام ابوو نامی کمپنی کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ ماہر شکاری عقابوں کو یہ سکھایا گا کہ وہ ڈرون کو اپنا شکار اور خوارک سمجھیں۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے ’عقاب ڈرون کو اپنا شکار سمجھتا ہے اور اسے ایک ایسے محفوظ مقام کی طرف لے جاتا ہے جہاں دیگر پرندے یا انسان اْسے تنگ نہ کرسکیں‘ڈرون تیزی سے عام ہوتے جارہے ہیں اور ان کی وجہ سے کئی طیارے حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئے ہیں،گزشتہ ماہ ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے ڈرون استعمال کیے جاسکتے ہیں،اس بات کے خدشات بھی ہیں کہ ڈرون میں لگے ہوئے بلیڈز سے عقاب زخمی ہوسکتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ پولیس حکام بظاہر عقاب کے لیے کسی حفاظتی لباس کی تلاش کررہے ہیں۔