نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کے باوجود ابھی بھی کچھ نہیں بگڑا، شاہد آفریدی ،شکست سے کمزوریوں کی نشاندہی میں مدد ملی، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بہتر منصوبہ بندی کر سکتے ہیں، احمد شہزاد اور صہیب مقصود کو محنت کی ضرورت ہے ،پی ایس ایل ہمارے تجربہ کار کھلاڑیوں کو کھوئی فارم واپس لانے اور نوجوان کھلاڑیوں کو نامور بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ ان کی صلاحیتوں سے سیکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، میڈیا سے گفتگو

منگل 2 فروری 2016 08:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 2فروری۔2016ء) پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کے باوجود ابھی بھی کچھ نہیں بگڑا اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بہتر منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف شکست سے کمزوریوں کی نشاندہی میں مدد ملی۔

آفریدی نے کہا کہ"ہم نے سیریز میں مختلف حربے آزمائے اور یہ حقیقت ہے کہ ہم سیریز میں کامیاب نہیں ہوئے لیکن میرا ماننا ہے کہ ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے"۔انھوں نے کہا کہ"میرے خیال میں ہمارے پاس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاری کے لیے وقت ہے اور بہترین منصوبہ بندی کرسکتے ہیں"۔کپتان نے احمد شہزاد اور صہیب مقصود کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں بلے بازوں کو بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے کہا کہ صہیب مقصود کا خیال تھا کہ وہ بیٹنگ آرڈر میں بہتری سے اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں جس پر انھیں موقع دیا گیا لیکن وہ ناکام ہوئے۔ان کا ماننا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستان کو شکست ضرور ہوئی ہے لیکن ابھی بھی ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے اور بہتری لانے کے لیے بڑا پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ہمارے تجربہ کار کھلاڑیوں کو کھوئی فارم واپس لانے اور نوجوان کھلاڑیوں کو نامور بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ ان کی صلاحتیوں سے سیکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں جانے سے قبل متحد ہونے اور اپنے آپ پر بھروسہ کرنے کا وقت ہے، ہمارے پاس ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی ہیں لیکن ابھی انھیں کارکردگی کے ذریعے خود کو ثابت کرنا ہے۔