کراچی،انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر عاصم کیس میں نامزد ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی،قومی اداروں بارے میں بیان کیخلاف درج مقدمے میں دس فروری تک ضمانت میں توسیع کر دی گئی

منگل 2 فروری 2016 08:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 2فروری۔2016ء)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں نامزد ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے وسیم اختر کے قومی اداروں کے بارے میں بیان دینے کے خلاف درج مقدمے میں دس فروری تک ضمانت میں توسیع کر دی۔ وسیم اختر نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں موقف اختیار کیا کہ انہیں ایک بیماری لاحق ہے جس کا علاج پاکستان میں نہیں اس لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے وسیم اختر کو ڈاکٹر عاصم کیس کی آئندہ سماعت میں حاضری سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی۔دوسری جانب قومی اداروں کے خلاف بیان دینے کے مقدمے میں سندھ ہائیکورٹ نے وسیم اختر کی عبوری ضمانت میں دس فروری تک توسیع کر دی۔ وسیم اختر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وسیم اختر ملک سے باہر ہیں اس لیے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ وسیم اختر کے خلاف تھانہ سہراب گوٹھ اور سائیٹ سپر ہائی وے میں مقدمات درج ہیں۔