اپوزیشن لیڈر کو منانے کا معاملہ،وزیراعظم،وزیر داخلہ کے درمیان پھر تنازعے کا امکان،چوہدری نثارپریس کانفرنس پر ڈٹ گئے،اپوزیشن لیڈر سے رابطہ نہ کرنے کا دو ٹوک جواب دیکر وزیراعظم کو پریشانی میں مبتلاکر دیا، وزیراعظم اور وزیرداخلہ میں طے پایا کہ آئندہ قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی تقریر کا جواب سعد رفیق یا احسن اقبال دیں گے،ذرائع

منگل 2 فروری 2016 08:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 2فروری۔2016ء)وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان ایک بار پھر اپوزیشن لیڈر کو منانے کے معاملہ پر تنازعے کا امکان پیدا ہوگیا ہے،چوہدری نثارعلی خان اپنی پریس کانفرنس کے حرف بہ حرف پر ڈٹ گئے،اپوزیشن لیڈر سے رابطہ نہ کرنے کا دو ٹوک جواب دیکر وزیراعظم کو مزید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔خبر رساں ادارے کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے گزشتہ دنوں ہونیوالی ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ کی ایک پریس کانفرنس سے ہم پریشان ہو جاتے ہیں،اپوزیشن لیڈر سے متعلق جو باتیں کی گئیں وہ ماحول ایسا اب نہیں تھا،لہٰذا میری خواہش ہے کہ سید خورشید شاہ سے صلح کروائی جائے۔

وزیراعظم کے دلچسپ مکالمے پر وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پارٹی قائد کا جو بھی حکم ہوگا تسلیم کیا جائے گا تاہم پریس کانفرنس کے حرف بہ حرف پر قائم ہوں اور ہوسکتا ہے کہ فون پر رابطہ بھی نہ کرپاؤں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر اور وزیراعظم کے درمیان طے پایا کہ آئندہ قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی جانب سے کی جانے والی تقریر کا جواب وفاقی وزیر داخلہ نہیں دیں گے اور اس تشویش کو ٹھنڈا کرنے کیلئے خواجہ سعد رفیق یا وفاقی وزیر احسن اقبال ہی جواب دیں گے تاکہ معاملہ مزید الجھن کا شکار نہ ہو۔