دہشت گردوں کی طرف سے دھمکی آمیز خطوط ملنے پر سکولوں کو عارضی طو رپر بند کیا گیا،رانا ثناء اللہ،آج سے پنجاب بھرمیں سکولوں کو کھول دیا جائے گا ،صوبائی وزیر قانون کی میڈیا سے گفتگو

پیر 1 فروری 2016 09:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1فروری۔2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله نے اپنے ہی بیان کی نفی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی طرف سے پنجاب حکومت کے سکولوں اور کالجوں پر حملوں اور دہشت گردی کی وارداتوں بارے دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے تھے جس کی وجہ سے پنجاب حکومت نے سکیورٹی کو پیش نظر رکھتے ہوئے سکولوں کو عارضی طو رپر بند کیا ۔

آج یکم فروری سے فیصل آباد ڈویژن کے ساتھ ساتھ پنجاب بھرمیں تمام سکولوں جن میں سرکاری اور پرائیویٹ شامل ہیں کو کھول دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله نے یہ بات فیصل آباد میں ایک پروگرام اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے محفوظ ہیں والدین یکم فروری سوار سے بچوں کو سکول بھیجیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے ساتھ والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف کامیابی کی دعا کریں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق صوبائی وزیر قانون نے گزشتہ دنوں پنجاب میں بند ہونے والے سکولوں کے بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا تھاکہ سرد موسم اور دھند کی وجہ سے سکول بند کئے گئے ہیں مگر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پنجاب حکومت کا اس ایک پریس کانفرنس یہ کہہ کر بھانڈا پھوڑ دیا کہ پنجاب حکومت نے دہشت گردوں کے خوف سے سکولوں اور کالجوں کو بند کرکے دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کی ہے جس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے چنانچہ حکومت نے وزیر داخلہ کا بیان منظر عام آنے کے بعد پنجاب بھر میں تمام سکولوں کو یکم فروری سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے صوبائی وزیر قانون نے مزید کہا کہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کی سکیورٹی خاطر خواہ انتظامات کئے ہیں تاکہ دہشت گرد کوئی کارروائی نہ کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :