ای سی سی اجلاس، پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو2ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی ،عارضی طورپربے گھرافرادکو12لاکھ40ہزارٹن گندم کی فراہمی کی منظوری، اسلام آباد،ایکنک نے مواصلات ، صحت ، آبی وسائل ، توانائی کے ایک کھرب بیاسی ارب سترہ کروڑ روپے کے سات منصوبوں کی منظوری دیدی ،ایکنک کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا اور مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا

ہفتہ 30 جنوری 2016 09:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30جنوری۔2016ء)اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی )نے پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو2ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی عارضی طورپربے گھرافرادکو12لاکھ40ہزارٹن گندم کی فراہمی کی منظوری دیدی ۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس اسحاق ڈارکی زیرصدارت اسلام آبادمیں ہواجس میں پاکستان اسٹیل ملزکے ملازمین کواکتوبراورنومبرکی تنخواہ کی ادائیگی کی منظوری دی گئی ،اجلاس میں عارضی طورپربے گھرافرادکو12لاکھ40ہزارٹن گندم کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی یہ منظوری عالمی خوراک پروگرام کے تحت دی گئی ،اجلاس میں وزیرپٹرولیم شاہدخاقان عباسی ،وزیردفاع خواجہ آصف،انوشہ رحمان نے شرکت کی،ادھرایکنک نے مواصلات ، صحت ، آبی وسائل ، توانائی کے ایک کھرب بیاسی ارب سترہ کروڑ روپے کے سات منصوبوں کی منظوری دیدی ۔

(جاری ہے)

ایکنک کا اجلاس جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا اس موقع پر مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر ملک سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے دو سالہ منصوبے کو اکتیس ارب اکیاسی کروڑ ساٹھ لاکھ روپے میں منظور کرلیا گیا اس منصوبے کو وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز دیکھے گی جبکہ یونیسف ویکسین حاصل کرے گی اور سوشل موبلائزیشن چلائے گی۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن آپریشنل سرگرمیوں کو منعقد کرے گا دو سال کے دوران 698ملین پولیو کی خوراک ملک بھر میں کمزور بچوں کو پلائی جائے گی ۔ ایکنک نے آٹھ ارب 78کروڑ 39لاکھ روپے کے پنجاب اکنامک اپرچیونٹیز کی منظوری دیدی اس منصوبے سے زراعت کے متعلقہ ایک لاکھ پنتالیس ہزار لوگوں کو فائدہ ہوگا اس منسٹری کو وزارت پنجاب کی ترقی و منصوبہ بندی کی وزارت چلائے گی اس کے علاوہ اجلاس میں اسلام آباد سے برہان تک 220کے وی ٹرانسمیشن سسٹم نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی اس منصوبے پر تین ارب 61کروڑ 94لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ اس میں بیرونی امداد کے ایک ارب اسی کروڑ بیس لاکھ روپے بھی شامل ہونگے اس منصوبے کا مقصد بجلی کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کو خاص طور پر آئیسکو کے علاقے میں یہ منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا این ٹی ڈی ایس اس منصوبے کو چلائے گی ۔

ایکنک نے128 میگا واٹ کے کیال خیوار پن بجلی منصوبے کی 26ارب 8کروڑ 41لاکھ روپے میں منظوری دیدی اس منصوبے میں ایف ای سی سے متعلقہ رقم 9ارب 36کروڑ 44لاکھ روپے بھی شامل ہے اس منصوبے کی جگہ ڈسٹرکٹ کوہستان میں ہے اور واپڈا چار سال کے عرصے میں اس منصوبے کو مکمل کرے گی اس کے علاوہ ایکنک میں نبی سر ریزویر سے تھرکول فیلڈ بلاک ٹو منصوبے کی بھی منظوری دیدی اس منصوبے کو سندھ حکومت ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ذریعے پندرہ ارب پنسٹھ کروڑ چھبیس لاکھ روپے سے فنانس کرے گی یہ منصوبہ ستمبر دو ہزار سترہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے اس منصوبے سے ہزار سے بارہ سو میگا واٹ الیکٹرک سٹی پیدا کرنے میں مدد مل سکے گی ۔

ایکنک نے بلوچستان میں پیکج ٹو کے تحت تاخیر شدہ سوڈیمز میں کٹکی کیسار ڈیم کو زرد غلام جان ڈیم ،من جوشر تحصیل ڈسٹرکٹ قلات میں بنانے کی بھی منظوری دیدی اجلاس میں پنتالیس کلو میٹر طویل جلال پور پیر والا اوچھ سیکشن سے ملتان ٹرینڈا محمد پناہ روڈ کی چار ارب 67کروڑ 5لاکھ روپے میں منظوری دیدی اس منصوبے کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی چلانے کی ذمہ دار ہوگی ۔ ایکنک نے آزاد جموں اینڈ کشمیر میں دو ٹرنلز کے حامل ایک سو نو کلو میٹر طویل روڈ کی سترہ ارب اٹھاون کروڑ انچاس لاکھ ترانوے ہزار روپے میں منظوری دیدی اس منصوبے میں بیرونی امداد پانچ ارب نو کروڑ روپے بھی شامل ہوگی اس منصوبے کو این ایچ اے مکمل کرے گی اور اس کی دیکھ بھال کی ذمہ دار بھی یہی ہوگی