شریف برادران پی آئی اے کی نجی کاری نہیں کررہے، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خود خریدار ہیں ،اعتزاز احسن، LNG خرید نہیں رہے ،خود فروخت کررہے ہیں ، نندی پور پراجیکٹ ،میٹرو ، اورنج ٹرین جیسے میگا پراجیکٹ صر ف اور صرف اپنی جیبیں بھرنے کی خاطر ہیں،وزیر سیالکوٹ صرف بیگ اٹھانے والے وزیر ہیں ، عوامی خدمت کے نام پر ووٹ لے کر برسر اقتدار آنے والی حکومت نے اپنے اڑھائی سالہ دور میں غریب ،سفید پوش طبقہ ،کاشتکار ، تاجر برادری سمیت مزدورں کو اپنی ناقص پالیسیوں کے تحت زندہ درگور کردیا ہے ، پارٹی عہدیداران اورجیالوں سے خطاب

جمعہ 29 جنوری 2016 09:29

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 29جنوری۔2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما اورسینٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ شریف برادران پی آئی اے کی نجی کاری نہیں کررہے جبکہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خود خریدار ہیں ، LNG خرید نہیں رہے بلکہ خود فروخت کررہے ہیں ، نندی پور پراجیکٹ ،میٹرو ، اورنج ٹرین جیسے میگا پراجیکٹ صر ف اور صرف اپنی جیبیں بھرنے کی خاطر ہیں ،وزیر سیالکوٹ صرف بیگ اٹھانے والے وزیر ہیں جبکہ عوامی خدمت کے نام پر ووٹ لے کر برسر اقتدار آنے والی حکومت نے اپنے اڑھائی سالہ دور میں غریب ،سفید پوش طبقہ ،کاشتکار ، تاجر برادری سمیت مزدورں کو اپنی ناقص پالیسیوں کے تحت زندہ درگور کردیا ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلعی صدر پاکستان پیپلزپارٹی ملک طاہر اختر اعوان کی رہائش گاہ پر ضلع بھر کے عہدیداران اورجیالوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ڈویژنل صدر پی پی چوہدری اعجاز احمد سماں ، سابق صوبائی وزیرڈاکٹر تنویر اسلام ، تحصیل صدر سمبڑیال ملک شعیب صدیق کھوکھر ، سٹی صدر سمبڑیال چوہدری احسن ظفر گھمن ، بدرالزمان چوہان، چوہدری غلام حیدر ، میاں غلام مصطفی ، چوہدری زاہد بشیر ،ملک نصیر اعوان، خواجہ اویس مشتاق ، حافظ شہباز حسن وریاہ اورڈاکٹر ظہیر الحسن رضوی سمیت دیگر بھی موجود تھے ، سینٹر چوہدری اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں جتنے فنڈز لاہور کے ایم این ایز حضرات کو دیئے اتنے پی پی پی کے ایم این ایز کو نہیں دیئے اور مسلم لیگ (ن) مفاہمت کی آڑ میں ماسوائے پاکستان پیپلزپارٹی کوکمزور کرنے کی کوشش میں تھی جو کہ ان کا صرف خواب تھا ، پیپلزپارٹی آج بھی اپنے قائدین ذوالفقار علی بھٹو شہید ،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی شکل میں زندہ ہے اور زندہ رہے گی اب انشاء اللہ تعالیٰ حکومت کی ہر پلیٹ فارم پر بھر پور ”اپوزیشن “دکھائی دے گی ،انہوں نے کہا کہ جیالے پارٹی کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔