صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے جدید اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے تمام وسائل استعمال کیے جائیں،بلاول بھٹو زرداری،تمام محکموں کی موثر کارکردگی اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان رابطے یقینی بنانے کیلئے تمام محکمے ای-گورننس کی جانب منتقل کیے جائیں، چیئرمین پیپلز پارٹی

جمعہ 29 جنوری 2016 09:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 29جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا ہے کہ سندھ صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے جدید اطلاعاتی ٹیکنالاجی کے تمام وسائل استعمال کیے جائیں اور تمام محکموں کی موثر کارکردگی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان رابطوں کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکموں کو ای-گورننس کی جانب منتقل کیا جائے، بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار بلاول ہاؤس میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ میٹنگ میں کیا، جس میں تعلیم کے سنیئر وزیر نثار احمد کھوڑو، سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو اور علمی اور ستارے منصوبوں کے ماہرین نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو محکمے کی جانب سے ڈیٹا جمع کرنے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت تحت رابطہ کاری کا جال بچھانا اور معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ طلبہ، اساتذہ، والدین، ہیڈ ماسٹرز، لیکچررز، افسران اور اسٹاف کو موبائل فون کے رابطے سے منسلک کیا گیا ہے جس کے تحت وہ اپنی تجاویز اورردعمل کی لین دین کر سکتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تعلیم ہماری حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے، تمام موجود سہولیات کے ساتھ تمام اسکولوں کو فعال بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں، انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا یہ مشن تھا کہ ملک میں شرح خواندگی 100فیصد رہے اور تمام طلبہ تعلیم کے ہر میدان میں شاندار کارکردگی دکھا سکیں، اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ممبر جمیل سومرو نے بھی بریفنگ میں شرکت کی