وزیر داخلہ آج موبائل پیمنٹ کے ذریعے پاسپورٹ فیس کی وصولی سروس کاآغاز کریں گے،ابتدائی طور پر سہولت راولپنڈی اور اسلام آباد میں 4200موبی کیش مراکز پر ہوگی ، مارچ 2016تک دائرہ ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا

جمعرات 28 جنوری 2016 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28جنوری۔2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان آج پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کی انٹر ایکٹیو وائس ریسپانس (آئی وی آر) بیسڈ ہیلپ لائن سروس اور موبائل پے منٹ کے ذریعے پاسپورٹ فیس کی وصولی سروس کاآغازنادرا ہیڈ کواٹر میں کریں گے، ابتدائی طور پر سہولت راولپنڈی اور اسلام آباد میں 4200موبی کیش مراکز پر ہوگی ، مارچ 2016تک ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان آج پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے شروع کی جانے والی انٹر ایکٹیو وائس ریسپانس (آئی وی آر) بیسڈ ہیلپ لائن سروس اور نیشنل بنک کی برانچ لیس بینکنگ اور موبائل پے منٹ کے ذریعے پاسپورٹ فیس کی وصولی سروس کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ تقریب کا انعقاد دن بارہ بجے نادرا ہیڈ کوارٹرز میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انٹر ایکٹیو وائس ریسپانس (آئی وی آر) بیسڈ ہیلپ لائن کی سہولت کے آغاز سے درخواست گزار کسی بھی موبائل سے 9988 ڈائل کرکے اپنے پاسپورٹ کی درخواست پر پیش رفت، پاسپورٹ کے حصول کے لئے ضروریات، مختلف اقسام کے پاسپورٹ کے لئے فیسز، ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کے محل وقوع ، نیشنل بنک کی برانچوں کے بارے میں معلومات اور دیگر عام طور پر پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات حاصل کر سکیں گے۔

ابتدائی طور پر یہ معلومات پانچ زبانوں ، اردو، انگریزی، پشتو، سندھی اور سرائیکی میں مہیا کی جائیں گی جن میں بعد میں اضافہ کیا جائے گا۔ موبائل/برانچ لیس بینکنگ کے ذریعے پاسپورٹ فیس وصولی کی سہولت نیشنل بنک آف پاکستان کے اشتراک سے شروع کی جا رہی ہے۔ اس سہولت کے تحت درخواست گزاروں کو یہ سہولت حاصل ہو جائے گی کہ وہ پاسپورٹ کی فیس موبی کیش، یو پیسہ وغیرہ کے ذریعے ایک لاکھ سے زیادہ مراکز پر جمع کرا سکیں گے۔

اس سہولت سے درخواست گزاروں کو نیشنل بنک کی مخصوص برانچوں پر ہی فیس جمع کرانے کی شرط سے چھٹکارہ مل جائے گا۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت راولپنڈی اور اسلام آباد میں 4200موبی کیش مراکز پر شروع کی جا رہی ہے جسے مارچ 2016تک ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا اور یو-پیسہ اور موبائل پیسہ کے ذریعے بھی فیس کی ادائیگی کی سہولت مہیا کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :