کویت کا پٹرولیم مصنوعات اور توانائی پر بھاری سبسڈی میں کٹوتی کا اعلان

جمعرات 28 جنوری 2016 09:54

کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 28جنوری۔2016ء)کویت نے خام تیل کی آمدنی میں کمی کے باعث پٹرولیم مصنوعات اور توانائی پر بھاری سبسڈی میں کٹوتی کا اعلان کیا ہے۔ کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق امیر کویت نے ایک انٹرویو میں کہا کہ خام تیل سے ہونے والی آمدنی میں کمی کے باعث پٹرولیم مصنوعات اور توانائی پر دی جانے والی سبسڈی میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سبسڈی میں کٹوتی،پٹرول، بجلی اور پانی کے نرخوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر خدمات پر دی جانے والی اعانتوں میں بھی کٹوتی کی جائے گی۔کویت خلیج تعاون کونسل کے انرجی پر انحصار کرنے والے 6 رکن ممالک میں سے واحد ملک ہے جس نے خام تیل کی آمدنی میں کمی کے باوجود تاحال پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا۔ یاد رہے کہ کویت کی حکومت نے مالی سال 2015-16 کے بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات اور توانائی پر 7 ارب ڈالر سبسڈی کیلئے مختص کئے ہیں۔